شہریوں کو صحت و صفائی کی سہولتوں کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ، میئر سکھر

جمعرات 25 جنوری 2018 23:30

سکھر۔25جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ شہریوں کو صحت و صفائی کی سہولتوں کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ شہر کو ناجائز تجاوزات ، خاص طور پر نکاسی آب کو رواں رکھنے کیلئے نالیوں کی صفائی میں رکاوٹ بننے والے لینٹرز اور تھڑوں کو بلا تاخیر ترجیحی بنیادوں پر مسمار کیا جارہا ہے ، مختلف بازاروں میں دکانوں کے باہر تھڑوں سے نکاسی آب کا سسٹم بند ہوجاتا ہے ، صفائی کے لئے ایسے لینٹرز کو توڑے بغیر صفائی ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو کھانے کی پینے کی اشیاء میں ملاوٹ ، صفائی نہ ہونے کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا تاکہ مضر صحت اشیاء کی خرید و فروخت کی حوصلہ شکنی ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے تاجر برادری ، ایسوسی ایشنز اور شہریوں کے تعاون کو ضروری قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ ان اقدامات کو کامیاب بنانے کے لئے ہر سطح پر تعاون کیا جائے گا، ان ہدایات پر عمل کرنے کے لئے میونسپل کمشنر منصور احمد سومرو ، ٹیکسیشن آفیسر خالد جتوئی اور فوڈ انسپکٹر امداد علی شیخ نے 5 فوڈ سینٹرز جن میں غوثیہ بریانی ، خان بابا بریانی ، اسٹوڈنٹ بریانی ، عباسی ہوٹل اور رحمت نہاری کا اچانک وزٹ کیا، فوڈ انسپکٹر نے بریانی کے نمونے حاصل کئے تاکہ ان میں استعمال کئے جانے والے گھی ، کوکنگ آئل اور مصالحوں کو لبیارٹری میں ٹیسٹ کرایا جاسکے، افسران نے ان فوڈ سینٹرز کے کچن کا معائنہ بھی کیا تاکہ کچن کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صاف ستھرا رکھنے کا جائزہ لیا جاسکے ، میونسپل کمشنر نے مالکان کو تنبیہ کی کہ غیر معیار گھی ، کوکنگ آئل یا ناقص مصالحہ استعمال کرنے کچن کو صاف ستھرا نہ رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کھانے پینے کی اشیاء کے نمونے باقاعدگی سے حاصل کئے جائیں گے۔

دریں اثناء آفس سپرنٹنڈنٹ صحت و صفائی پیر عطاء الرحمن خان نے باغ حیات علی شاہ ، میانی روڈ ، غریب آباد اور قاضی بابا سمیت مختلف علاقوں میں نکاسی آب و صفائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے تفصیلی دورہ کیا، ان کے ہمراہ ڈرینج انچارج خالد غوری، سینیٹری انسپکٹر گل حسن، انسداد تجاوزات سیل کے میر اشرف ، ظہیر میمن ، غریب آباد ایسوسی ایشن کے صدر حاجی عبدالستار اور منیر بھٹی بھی تھے۔ تاجر رہنمائوں نے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا تاکہ نالیوں کی صفائی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔ انہوں نے آفس سپرنٹنڈنٹ ہیلتھ کو تھڑوں کو رضاکارانہ طور پر توڑنے اور تعاون کی یقین دہانی کرائی بلدیہ افسران نے ایسی جگہوں کی نشاندہی کی جن کو توڑا جانا ضروری ہے۔