حکومت نے ملک میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے آزادانہ اور پرکشش پالیسیاں متعارف کرائی ہیں‘ پاکستان میں اقتصادی استحکام حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ امن و امان کی صورتحال بھی بہتر ہوئی ہے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ٹرافیگورا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے ملاقات میں اظہار خیال

جمعرات 25 جنوری 2018 23:20

ڈیووس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے آزادانہ اور پرکشش پالیسیاں متعارف کرائی ہیں جبکہ کاروبار کرنے میں آسانی کا فریم ورک بھی موجود ہے۔ وہ ٹرافیگورا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جمی ویئر اور پوما انرجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پیرے ایلیڈری سے ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ملاقات میں اظہار خیال کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے ان کی پاکستان میں موجودہ سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے اسے مزید شعبوں تک وسعت دینے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی استحکام حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ امن و امان کی صورتحال بھی بہتر ہوئی ہے، جس سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان میں کاروبار کی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

اس موقع پر دونوں کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور اپنی کمپنیوں کے آپریشنز کو وسعت دینے کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے خواہاں ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی اور سینئر حکام بھی موجود تھے۔