پاکستان 2023ء تک سالانہ پانچ لاکھ کاروں کی مارکیٹ بن جائے گا‘ رینالٹ۔نسان پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کرنے کا جائزہ لے‘رینالٹ، کِیا، ہنڈائی اور دیگر کئی کار ساز کمپنیاں پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہو رہی ہیں‘ کار ساز کمپنی رینالٹ۔نسان کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی رینالٹ۔نسان کے چیئرمین کارلوس گھوسن سے بات چیت

جمعرات 25 جنوری 2018 23:20

ڈیووس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کار ساز کمپنی رینالٹ۔نسان کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان 2023ء تک سالانہ پانچ لاکھ کاروں کی مارکیٹ بن جائے گا۔ وہ رینالٹ۔نسان کے چیئرمین کارلوس گھوسن سے بات چیت کر رہے تھے، جنہوں نے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ڈیووس میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ رینالٹ، کِیا، ہنڈائی اور دیگر کئی کار ساز کمپنیاں پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہو رہی ہیں جہاں ٹویوٹا، ہنڈا اور سوزوکی پہلے سے ہی کام کر رہی ہیں، رینالٹ۔نسان پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کرنے کا جائزہ لے۔ اس موقع پر کارلوس گھوسن نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ رینالٹ اپنی جدید ترین مصنوعات اور ٹیکنالوجی پاکستان لائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 3 لاکھ یونٹ سالانہ کی کار مارکیٹ ہے جہاں آٹو موبائلز اور آٹو پارٹس کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ، وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی اور سینئر حکام بھی موجود تھے۔