ویزہ پالیسی میں نرمی سے کوئی چور دروازہ نہیں کھولا، احسن اقبال

ہمارا مقابلہ چین، جاپان، برطانیہ اور امریکہ سے نہیں اپنے پڑوسی ممالک سے ہے ، معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے لئے دنیا سے جڑنا ہو گا، وزیر داخلہ

جمعرات 25 جنوری 2018 22:57

ویزہ پالیسی میں نرمی سے کوئی چور دروازہ نہیں کھولا، احسن اقبال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2018ء) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ویزہ پالیسی میں نرمی سے کوئی چور دروازہ نہیں کھولا۔ ہمارا مقابلہ چین، جاپان، برطانیہ اور امریکہ سے نہیں اپنے پڑوسی ممالک سے ہے ۔ معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے لئے دنیا سے جڑنا ہو گا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ملک کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا مگر آج دنیا ایک گلوبل ورلڈ ہے اور ہمیں دنیا سے جڑنا ہے اور دنیا کو پاکستان آنے کے لئے مواقع دینے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وقت بیرونی سرمایہ کاری کی ضرورتے ہے۔ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے بہترین ملک ہے۔ ہمارا مقابلہ اس وقت چین، جاپان، برطانیہ اور امریکہ سے نہیں پڑوسی ممالک سے ہے۔

(جاری ہے)

دعا ہے کہ پاکستان جلد ان بڑے ممالک کی صف میں شامل ہو جائے انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں کہ جس کا دل کرے پاکستان آ جائے ۔ ہم نے کوئی چور دروازہ نہیں کھولا ہمیں آج کے دور میں دنیا سے جڑنا ہے۔ جس کو ویزہ جاری کیا جائے گا۔ اس کی ٹور آپریٹرز سکروٹنی کرتے ہیں اور ایف آئی اے کا اہلکار ان کے ساتھ ہو گا۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ متعلقہ شخص مقررہ وقت پر واپس جائے گا انہوں نے کہا کہ جو سینکڑوں لوگ پاکستان آئے تھے انہیں پیپلز پارٹی کے دور میں سفارتخانے کے ذریعے ویزے جاری کئے گئے تھے۔۔