گورنر سندھ کا سہراب گوٹھ پر نقیب اللہ کی ہلاکت کے خلاف لگائے گئے تعزیتی کیمپ کا دورہ

نقیب اللہ کے والد محمد خان محسود اور خاندان کے دیگر افراد سے اظہار تعزیت کیا

جمعرات 25 جنوری 2018 22:46

گورنر سندھ کا سہراب گوٹھ پر نقیب اللہ کی ہلاکت کے خلاف لگائے گئے تعزیتی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے سہراب گوٹھ پر نقیب اللہ کی ہلاکت کے خلاف لگائے گئے تعزیتی کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں موجود نقیب اللہ کے والد محمد خان محسود اور خاندان کے دیگر افراد سے اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ وہ وزیر اعظم سے نقیب اللہ کی ہلاکت کے معاملہ پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کے لئے درخواست کریں گے تاکہ لواحقین کو انصاف فراہم کیا جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ بے گناہ نقیب کی ہلاکت پر محسود قبائل اور پختون برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نقیب اللہ ایک بے گناہ نوجوان تھا اور اس کا کوئی قصور نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ماورائے عدالت تمام ہلاکتوں کی تحقیقات ضروری ہے تاکہ لواحقین کو انصاف فراہم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپنے خطاب میں محسود ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ سابق ایڈیشنل آئی جی خیبر پختونخواہ رحمت اللہ خان محسود نے گورنر سندھ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جوڈیشل کمیشن جلد از جلد تشکیل دیا جائے ۔

قبل ازیں گورنر سندھ محمد زبیر سے پختون کمیونٹی کے ایک وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اور انہیں پختون کمیونٹی کے مسائل خصوصاً نقیب اللہ محسود کی ہلاکت کے باعث پائی جانے والی بے چینی سے آگاہ کیا۔ وفد کی قیادت سابق ایڈیشنل آئی جی رحمت اللہ محسود کررہے تھے۔ وفد نے ملاقات کے لئے بلانے پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نقیب اللہ کے معاملہ پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جانا چاہیے تاکہ حقائق کا پتہ لگایا جاسکے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ نقیب اللہ محسود کی ہلاکت نہایت افسوس ناک واقعہ ہے ۔ گورنر سندھ نے کہاکہ اس معاملہ کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہے جبکہ ابتدائی تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں جس کے بنیاد پر متعلقہ افسران کی گرفتاریاںعمل میں آرہی ہیں۔ #

متعلقہ عنوان :