سندھ کے لوگوں کو کراچی اور پھر سعودعرب آمد پر دوبارہ بائیومیٹرک کرانا پڑتا ہے اس میں آسانی پیدا کی جائے ، وزیراعلیٰ سندھ

ویزے کے سہل اور آسان طریقہ اجراء کے انتخاب سے سندھ کے لوگوں کو ایک سہولت میسر آجائیگی، سید مراد علی شاہ کی سعودی قونصل جنرل سے درخواست

جمعرات 25 جنوری 2018 22:46

سندھ کے لوگوں کو کراچی اور پھر سعودعرب آمد پر دوبارہ بائیومیٹرک کرانا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان میں نئے سعودی عرب کے قونصل جنرل عبیداللہ الحربی سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے لوگوں کو کراچی اور پھر سعودعرب آمد پر دوبارہ بائیومیٹرک کرانا پڑتا ہے جس میں آسانی پیدا کی جائے، اس سلسلے میں ویزے کے سہل اور آسان طریقہ اجراء کے انتخاب سے سندھ کے لوگوں کو ایک سہولت میسر آجائیگی۔

انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ ہاؤس میں سعودی عرب کے قونصل جنرل عبیداللہ الحربی سے ملاقات دوران کہی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت صوبہ سندھ کے لوگوں کے عمرے ویزے کے جلد اور سہل طریقے سے اجراء کے نظام کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد حج اور عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جاتے ہیں مگر انہیں ویزے کے حصول میں چند مشکلات اور مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انہوں نے کہا کہ سعودی امیگریشن کے تعاون میں مزید بہتری کے لیے میں وفاقی وزیر داخلہ سے بات کروں گا تاکہ ہمارے لوگوں کی دوبارہ بائیومیٹرک نہ ہوسکے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ سعودی قونصل جنرل اس حوالے سے دونوں ملکوں کے مابین انتہائی اہم کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر سعودی قونصل جنرل عبیداللہ الحربی نے متعلقہ مسئلہ جلد حل کرانے کی یقینی دہانی کرائی۔ سندھ حکومت کی طرف سے کراچی میں امن امان کیلئے کی گئی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی ان ہی کاوشوں کی بدولت صوبے میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت بھی موجود تھے۔#

متعلقہ عنوان :