گورنر سندھ کا محسود قبائل کے تعزیتی کیمپ کا دورہ، نقیب اللہ محسود کے والد سے اظہار تعزیت

جمعرات 25 جنوری 2018 22:44

گورنر سندھ کا محسود قبائل کے تعزیتی کیمپ کا دورہ، نقیب اللہ محسود کے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے سہراب گوٹھ پر نقیب اللہ کی ہلاکت کے خلاف لگائے گئے تعزیتی کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں موجود نقیب اللہ کے والد محمد خان محسود اور خاندان کے دیگر افراد سے اظہار تعزیت کیا۔ جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ وہ وزیر اعظم سے نقیب اللہ کی ہلاکت کے معاملہ پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کے لئے درخواست کریں گے تاکہ لواحقین کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وہ بے گناہ نقیب کی ہلاکت پر محسود قبائل اور پختون برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نقیب اللہ ایک بے گناہ نوجوان تھا اور اس کا کوئی قصور نہیں تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماورائے عدالت تمام ہلاکتوں کی تحقیقات ضروری ہے تاکہ لواحقین کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں محسود ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ سابق ایڈیشنل آئی جی خیبر پختونخواہ رحمت اللہ خان محسود نے گورنر سندھ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جوڈیشل کمیشن جلد از جلد تشکیل دیا جائے۔

قبل ازیں گورنر سندھ محمد زبیر سے پختون کمیونٹی کے ایک وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اور انہیں پختون کمیونٹی کے مسائل خصوصاً نقیب اللہ محسود کی ہلاکت کے باعث پائی جانے والی بے چینی سے آگاہ کیا۔ وفد کی قیادت سابق ایڈیشنل آئی جی رحمت اللہ محسود کر رہے تھے۔ وفد نے ملاقات کے لئے بلانے پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نقیب اللہ کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جانا چاہئے تاکہ حقائق کا پتہ لگایا جا سکے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ نقیب اللہ محسود کی ہلاکت نہایت افسوس ناک واقعہ ہے۔ گورنر سندھ نے کہاکہ اس معاملہ کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہے جبکہ ابتدائی تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں جس کی بنیاد پر متعلقہ افسران کی گرفتاریاں عمل میں آرہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :