کارپوریٹ سیکٹر کی جانب سے سماجی شعبہ کے منصوبے لائق تحسین ہیں

گورنر سندھ محمد زبیر کا 7 ویں سی ایس آر کانفرنس سے خطاب

جمعرات 25 جنوری 2018 22:26

کارپوریٹ سیکٹر کی جانب سے سماجی شعبہ کے منصوبے لائق تحسین ہیں
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کراچی میں امن و امان کا قیام موجودہ حکومت کا اہم کارنامہ ہے کیونکہ اس کے باعث نہ صرف سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ شہری آزادانہ ماحول میں اپنے روزمرہ کے معمولات میں مصروف ہیں۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے 7 ویں کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلیٹی (سی ایس آر) سمٹ اور ایوارڈز کی تقریب سے مقامی ہوٹل میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے بھرپور اقدمات کررہی ہے جن میں رینجرز کی تعیناتی کو جاری رکھنا ہے کیونکہ ان کی موجودگی کے باعث نہ صرف شہری بلکہ کاروباری برادری بھی تحفظ محسوس کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر کی جانب سے سماجی شعبہ کی بہتری کے لئے اقدامات لائق تحسین ہیں کیونکہ ان کے ذریعے نہ صرف صحت ، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں بہتری آرہی ہے بلکہ ان سے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے میں بھی مدد مل رہی ہے۔

کارپوریٹ سیکٹر کی جانب سے اس ضمن میں سب سے نمایاں مثال تھر کی ہے جہاں کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں 4.5 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہاں کے باسیوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ان کو روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ وہاں صحت و تعلیم کے شعبوں کے لئے کئی اقدمات کئے گئے ہیں اس کے علاوہ کان کنی کی سرگرمیوں کے دوران متاثر ہونے والے افراد کو جدید ترین مکانات بنا کر دئیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کارپوریٹ سیکٹر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لئے فنڈز مختص کرنا ہے گوکہ پاکستان میں یہ کام ابتدائی مراحل میں ہے لیکن اس ضمن میں آگاہی پیدا ہونے سے زیادہ سے زیادہ کمپنیاں اس جانب رخ کررہی ہیں۔ انہوں نے کانفرنس کے انعقاد پر پروفیشنل نیٹ ورک اور اس کے سربراہ محمود ترین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کارپوریٹ شعبہ کی حوصلہ افرائی سے اس کام میں مزید بہتری آئے گی۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کارپوریٹ سیکٹر کے نمایاں افراد میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :