اسلام آباد ،ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے شماریات کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب

قومی ترقی اور فیصلہ سازی کا انحصار درست اعداد و شمار کے استعمال پرہے، ڈاکٹر رمیش

جمعرات 25 جنوری 2018 20:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2018ء) :معروف پارلیمنٹرین ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کوقومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے شماریات کا بلامقابلہ چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے، جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک اجلاس میں کمیٹی ممبران نے ڈاکٹر رمیش کماروانکوانی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، مسلم لیگ (ن)سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر رمیش وانکوانی پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ بھی ہیں۔

(جاری ہے)

الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ڈاکٹر رمیش کمار نے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے بالخصوص فیصلہ سازی اور قومی ترقی کے اہداف میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے مستند اور درست اعداد وشمار کا استعمال کلیدی حیثیت رکھتا ہے، نومنتخب چیئرمین نے مردم شماری، ترقی کی شرح،تعلیمی اداروں کی تعداد، شرح بے روزگاری سمیت مختلف موضوعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کیلئے مختلف منصوبوںکی کامیابی کا دارومداراعداد و شمار کے درست استعمال پر منحصر ہوتا ہے، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے ملک بھر کے تمام قومی و غیرسرکاری اداروںکو تازہ معلومات کی فراہمی یقینی بنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور چیئرمین کچھ اداروں کی جانب سے اپنے مذموم مقاصد کیلئے گمراہ کن اعداد وشمار پیش کرنے کی شکایات کا بھی جائزہ لیں گے،انہوں نے قومی ترقی میں میڈیا کی خدمات کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ صحافیوں کو تحقیقاتی رپورٹنگ کیلئے مستند معلومات اور تازہ اعدادوشمار کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے، ڈاکٹر رمیش کمار نے اعداد و شمار کو موثر انداز میں استعمال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔