پمز کو ایسا مثالی ادارہ بنائینگے جس کی کارکردگی پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے،طارق فضل چودھری

ہسپتال کی ایمرجنسی میں تمام ادویات اور ٹیسٹ مفت کئے جائینگے ،لاکھوں مریض مستفید ہونگے، ہم اداروں کی مضبوطی کیلئے کام کررہے ہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کیلئے زمین اسلام آباد کی حدود میں فراہم کی جائیگی ،تعین کیلئے سی ڈی اے کو ہدایات جاری کر دی ہیں،وزیر مملکت کا تقریب سے خطاب

جمعرات 25 جنوری 2018 19:31

پمز کو ایسا مثالی ادارہ بنائینگے جس کی کارکردگی پر کوئی انگلی نہ اٹھا ..
ْاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2018ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ پمز کو ایسا مثالی ادارہ بنائینگے جس کی کارکردگی پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، ہسپتال کی ایمرجنسی میں تمام ادویات اور ٹیسٹ مفت کئے جائینگے جس سے لاکھوں مریض استفادہ حاصل کرسکیں گے،ہم اداروں کی مضبوطی کیلئے کام کررہے ہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کیلئے زمین اسلام آباد کی حدود میں ہی فراہم کی جائیگی، زمین کے تعین کیلئے سی ڈی اے کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے یہ بات جمعرات کو پمز ملازمین کی طرف سے اظہار تشکر کیلئے منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو پارلیمنٹ سے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کو پمز سے علیحدہ کرنے کے بل کی منظوری کے بعد منعقد کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پمز کو ایسا مثالی ادارہ بنائینگے جس کی کارکردگی پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی ایمرجنسی میں تمام ادویات اور ٹیسٹ مفت کئے جائینگے جس سے لاکھوں مریض استفادہ حاصل کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اداروں کی مضبوطی کیلئے کام کر رہے ہیں، دونوں اداروں کو انتظامی طور پر الگ کیا گیا ہے جس سے دونوں اداروں کی ایڈمنسٹریشن میں بہتری آئیگی اور تدریسی اور طبی خدمات احسن طریقے سے سر انجام دی جا سکیں گی۔انہوں نے کہا کہ پمز، شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کا تدریسی ہسپتال رہے گا، ملک میں یہی نظام رائج ہے ، اس بل کی بدولت دونوں اداروں کے ملازمین کے حقوق کا تحفظ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اور ہسپتال کی علیحدگی کے بعد ہسپتال ملازمین کا امتحان شروع ہو چکا ہے، ملازمین کو پہلے سے زیادہ ذمہ داری سے کام کرنا ہو گا تاکہ پمز کو مثالی ادارہ بنا سکیں اور عوام کاہسپتال کی سروسز پر اعتماد میںبڑھے۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کیلئے زمین اسلام آباد کی حدود میں ہی فراہم کی جائیگی، زمین کے تعین کیلئے سی ڈی اے کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

انہوں نے بل کی پارلیمنٹ سے منظوری کیلئے معاونت کرنیوالے تمام پارلیمنٹرین کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے پمز ملازمین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پمز کی یونیورسٹی سے علیحدگی پمز ملازمین کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے پایہ تکمیل پہنچایا۔ انہوں نے بل کی پارلیمنٹ سے منظور ی کیلئے کی گئی کاوشوں پروزیرمملکت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔