آپریشن کی وجہ سے کراچی کے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے،ڈی جی رینجرز سندھ

شہر میں پائیدار قیام امن کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا،میجر جنرل محمد سعید کا کراچی چیمبر آف کامرس میں خطاب

جمعرات 25 جنوری 2018 18:30

آپریشن کی وجہ سے کراچی کے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے،ڈی جی رینجرز ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2018ء) ڈی جی رینجرز(سندھ)میجر جنرل محمد سعید نے کہا ہے کہ ستمبر 2013 سے شروع آپریشن کی وجہ سے کراچی کے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔شہر میں پائیدار قیام امن کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

پرچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران نے ڈی جی رینجرز (سندھ)کو خوش آمدید کہا۔ملاقات کے دوران 18جنوری 2018 کو کھارادر کے علاقے میں گرینیڈ حملے اور شر پسند عناصر کی جانب سے تاجر برادری کو موصول ہونے والی بھتے کی کالوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جا ئزہ لیا گیا۔اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ستمبر 2013 سے شروع آپریشن کی وجہ سے کراچی کے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ایسے واقعات کے مکمل تدارک کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں تاجر برادری کا تعاون خصوصی اہمیت کا حامِل ہے ۔ بھتہ خوری کے تدارک کے لیے ضروری ہے کہ کراچی چیمبر اور مارکیٹ ایسوسی ایشن کے تمام عہدیدارن اس بات کو یقینی بنائیں کہ مارکیٹ کی متعلقہ ضروریات کے لیے جمع ہونے والی رقم اور فنڈ زکا مکمل ریکارڈمرتب ہو ۔ڈی جی رینجرز نے اس بات پر ضرور دیا کہ تاجر برادری کسی بھی قسم کی دھمکی یا بھتے کی کال موصول ہونے کی صورت میں رینجرز ہیلپ لائن کے دئیے گئے نمبروں 1101 ،021-32630100 ، 021-34389559 اور 021-99205257پر فوری اطلاع دیں۔

میجر جنرل محمد سعید نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ پاکستا ن رینجرز(سندھ)کی جانب سے تاجر برادری کی سیکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں۔کراچی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران نے ڈی جی رینجرز(سندھ)کے ساتھ اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔