کراچی میں قومی اسمبلی کی ایک اور سندھ اسمبلی کی دو نشستوں کا اضافہ ہوگیا

قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد20سے بڑھ کر 21،جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشستیں 42سے بڑھ کر44ہوگئیں

جمعرات 25 جنوری 2018 17:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2018ء) نئی حلقہ بندیوں کے فارمولے کے مطابق کراچی میں قومی اسمبلی ایک اور سندھ اسمبلی کی دو نشستوں کا اضافہ ہوگیاہے ، اب کراچی میں قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد20سے بڑھ کر 21،جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشستیں 42سے بڑھ کر44ہوگئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق چھٹی مردم شماری 2017 کے اعداد شمار کے مطابق سندھ کی کل آبادی 4کروڑ 78لاکھ96ہزار51ہے ،جس میں سے کراچی کی آبادی ایک کروڑ 60 لاکھ 51ہزار 521ہے ۔

سندھ میں قومی اسمبلی کی 61اور صوبائی اسمبلی کی 130نشستیں ہیں جن میں سے اب 21قومی اور 44صوبائی اسمبلی کی نشستیں کراچی کی ہونگی ۔ 2001 حلقہ بندیوں کے مطابق کراچی کے ضلع غربی کی قومی اسمبلی کی 4نشستیں تھیں جو اب بڑھکر 5ہوئی ہیں ۔ ضلع غربی کی صوبائی اسمبلی کی 9نشستیں تھیں جو بڑھکر 11ہوگی ہیں ، اس طرح ضلع غربی میں ایک قومی اسمبلی اور دوصوبائی نشستوں کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی کے ضلع وسطی کی قومی اسمبلی کی5نشستیں تھیں جواب 4رہ گئی ہیں ۔ ضلع وسطی میں صوبائی اسمبلی کی10نشستیں تھیں جو کم ہوکر 8رہ گئی ہیں۔ اس طرح ضلع ایک قومی اسمبلی اور دو صوبائی اسمبلی کی نشستوں کی کمی ہوئی ہے۔ کراچی کے ضلع جنوبی میں قومی اسمبلی کی3نشستیں تھیں جو اب کم ہوکر 2رہ گئی ہیں ۔ ضلع جنوبی میں صوبائی اسمبلی کی6نشستیں تھیں جو کم ہوکر 5رہ گئی ہیں اور ضلع جنوبی ایک قومی اور ایک صوبائی اسمبلی کی نشست کی کمی آئی ہے۔

کراچی کے ضلع شرقی میں قومی اسمبلی کی 3نشستیں تھیں اور اب ایک نشست کے اضافے کے ساتھ 4ہوگئی ہیں۔ ضلع شرقی میں صوبائی اسمبلی کی ساڑھے 6نشستیں تھیں جو اب بڑھکر8نشستیں ہوگئی ہیں۔اس طرح ضلع شرقی میں ایک قومی اور دو صوبائی اسمبلی کی نشستوں کا اضافہ ہواہے ۔ کراچی کے ضلع کورنگی میں قومی اسمبلی 2 نشستیں تھیں جو اب3ہوگئی ہیں۔ ضلع کورنگی میں صوبائی اسمبلی کی 6نشستیں تھیں اوراب یہ تعداد7ہوگئی ہے۔

اس طرح کورنگی میں ایک قومی اسمبلی اور ایک صوبائی اسمبلی کی نشست کا اضافہ ہوا ہے۔ کراچی کے ضلع ملیرقومی اسمبلی میں2 نشستیں تھیں اب ایک نشست کا اضافے کے ساتھ 3ہوگئی ہیں۔ ضلع ملیر میں صوبائی اسمبلی کی4نشستیں تھیں اور یہ تعداداب 5ہوگئی ہیں ۔اس طرح ملیرمیں ایک قومی اسمبلی اور ایک صوبائی اسمبلی کی نشست کا اضافہ ہوا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی حلقہ بندیوں کے دوران اضلاع کی حد بندی کونہیں توڑا جائے گا۔