متحدہ علما بورڈ پنجاب کو تدریسی نصاب میں ترمیم کا اختیار دینے کا فیصلہ، سیکرٹری سکولز کو کتب میں ریڈنگ میٹریل کی انڈکشن علما بورڈ کی مشاورت سے کرنیکی ہدایت

وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں کی سربراہی میں متحدہ علما بورڈ پنجاب کے اجلاس میں اہم فیصلے

جمعرات 25 جنوری 2018 17:15

متحدہ علما بورڈ پنجاب کو تدریسی نصاب میں ترمیم کا اختیار دینے کا فیصلہ، ..
لاہور۔25جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2018ء) متحدہ علما بورڈ پنجاب کو صوبہ میں تدریسی نصاب میں ترمیم کا اختیار دینے کا فیصلہ کر لیا گیا، سیکرٹری سکولز کوکتب میں ریڈنگ میٹریل کی انڈکشن علما بورڈ کی مشاورت سے کرنے کی ہدایت کر دی گئی، صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا ء اللہ خاں نے 90 شاہراہ قائد اعظم پر متحدہ علما بورڈ پنجاب کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ متحدہ علما بورڈپنجاب کو قوانین میں ضروری ترامیم کے بعداس بات کا باقاعدہ اختیار دے دیا جائے کہ وہ جہاں دیگر دینی لٹریچر کا جائزہ لیتے ہیںوہاں تدریسی سلیبس کی تیاری میں بھی حکومت کی مدد کریں، سیکرٹری سکو ل ایجوکیشن تعلیمی نصاب میں اسلامی تعلیمات کے حوالے سے درپیش کسی بھی معاملہ میں ترمیم یا کمی و بیشی کے لیے متحدہ علما بورڈ سے کلیرنس لیں،انھوں نے سیکرٹری سکول کو ہدایت کی کہ وہ بچوں میں ان کی جسمانی حفاظت کے متعلق شعور و آگاہی پید ا کرنے کے لیے تدریسی کتب میں ریڈنگ میٹریل کی ممکنہ انڈکشن علما کرام کی مشاورت اور تجاویز کی روشنی میں کریں، رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا کہ قوم کی بیٹی زینب کے قاتل کی سائنٹیفک خطوط پر گرفتاری پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر بجالاتے ہیں کہ اس نے ہمیں اس ضمن میں سرخرو کیا، انھوں نے علماء کرام سے درخواست کی کہ وہ معاشرے میں بچوں کے خلاف جرائم بارے شعور اجاگر کرنے ، بچوں کے تعلیمی نصاب میں مذہبی تقاضوں کے عین مطابق مثبت تبدیلی کے لیے حکومت کی راہنمائی کریں، انھوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے بارے میں اقوام عالم میں رائج قوانین کو ہم اپنی معاشرتی ، ملی ، اخلاقی اور دینی اقدار سے ہم آہنگ کئے بغیر نافذ نہیں کر سکتے،قبل ازیں شرکاء اجلاس نے بچوں کی دینی ، سماجی اور اخلاقی تربیت کوعصر حاضر کے مطابق ڈھالنے اور بچوں کے استحصال کو روکنے کے لیے مختلف تجاویز اور اس ضمن میں قیمتی آراء پیش کیں ۔

(جاری ہے)

جس سے استفادہ کے لیے وزیر قانون نے سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن اور سیکرٹری اوقاف کو ہدایت کی، اجلاس کے آخر میں علما کرام نے تدریسی کتب میں بچوں کے نصاب کو دینی شعار کے مطابق ڈھالنے کے لیے علما ء کرام کو آن بورڈ لینے پر حکومت پنجاب کا شکریہ بھی ادا کیا، ا س موقع پر چیئر مین متحدہ علما بورڈ مولانا صاحبزادہ فضل الرحیم ، مولا نا ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی ، مولانا زبیر احمد ظہیر، ڈاکٹر علامہ محمد حسین اکبر، بورڈ کے دیگر ممبران ، اے سی ایس ہوم،سیکرٹری اوقاف، سپیشل سیکرٹری سکول اورسیکرٹری پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ بھی موجود تھے، اجلا س کا مقصد قرآن و سنت کی روشنی میں بچوں کی تعلیم و تر بیت کے تقاضوں کا از سر نو تعین کر نا تھا۔