سعودی ویزے کے سہل اور آسان طریقہ اجرا کے انتخاب سے سندھ کے لوگوں کو ایک سہولت میسر آجائیگی،وزیراعلیٰ سندھ

سندھ کے لوگوں کو کراچی اور پھر سعودی عرب آمد پر دوبارہ بائیومیٹرک کرانا پڑتا ہے جس میں آسانی پیدا کی جائے،مراد علی شاہ سعودی قونصل جنرل سے گفتگو

جمعرات 25 جنوری 2018 16:45

سعودی ویزے کے سہل اور آسان طریقہ اجرا کے انتخاب سے سندھ کے لوگوں کو ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان میں نئے سعودی عرب کے قونصل جنرل عبیداللہ الحربی سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے لوگوں کو کراچی اور پھر سعودی عرب آمد پر دوبارہ بائیومیٹرک کرانا پڑتا ہے جس میں آسانی پیدا کی جائے، اس سلسلے میں ویزے کے سہل اور آسان طریقہ اجرا کے انتخاب سے سندھ کے لوگوں کو ایک سہولت میسر آجائیگی۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو وزیراعلی ہاؤس میں سعودی عرب کے قونصل جنرل عبیداللہ الحربی سے ملاقات دوران کہی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت صوبہ سندھ کے لوگوں کے عمرے ویزے کے جلد اور سہل طریقے سے اجرا کے نظام کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعلی سندھ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد حج اور عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جاتے ہیں مگر انہیں ویزے کے حصول میں چند مشکلات اور مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انہوں نے کہا کہ سعودی امیگریشن کے تعاون میں مزید بہتری کے لیے وفاقی وزیر داخلہ سے بات کروں گا تاکہ ہمارے لوگوں کی دوبارہ بائیومیٹرک نہ ہوسکے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ سعودی قونصل جنرل اس حوالے سے دونوں ملکوں کے مابیں انتہائی اہم کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر سعودی قونصل جنرل عبیداللہ الحربی نے متعلقہ مسئلہ جلد حل کرانے کی یقینی دہانی کرائی۔ سندھ حکومت کی طرف سے کراچی میں امن امان کیلئے کی گئی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی ان ہی کاوشوں کی بدولت صوبے میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت بھی موجود تھے۔