وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی سجادہ نشین پیر حمید الدین سیالوی سے ملاقات

میری درخواست پر پیر حمید الدین سیالوی نے احتجاج کی کال منسوخ کر دی، کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو سیالوی صاحب سے معاملات پر گفتگو کرے گی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی میڈیا سے گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 25 جنوری 2018 14:15

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی سجادہ نشین پیر حمید الدین سیالوی سے ..
سرگودھا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جنوری 2018ء) : وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے سجادہ نشین پیر حمید الدین سیالوی سے ملاقات کی ۔ تفصیلات کے مطابق ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ختم نبوت ﷺ پر ہم سب کا لازوال اعتماد ہے۔ ختم نبوتﷺ کا عقیدہ ہمارے ایمان کا جزو ہے ۔ میں کافی عرصے سے پیر حمید الدین سیالوی سے ملاقات کے لیے بے چین تھا لہٰذا آج حاضر ہوا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ قادیانی خارج الاسلام ہیں ،اور آئین پاکستان اس کا واضح طور پر فیصلہ دے چکا ہے ۔ میں نے سیالوی صاحب سے درخواست کی اور جناب پیر صاحب نے میری درخواست پر احتجاج کے حوالے سے مہربانی کی اور احتجاج کی کال منسوخ کر دی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پُر امن سیرت النبی ﷺ اور ختم نبوتﷺ کانفرنسز ہوں گی ۔

(جاری ہے)

ہر مسلمان انفرادی اور اجتماعی طور پر حصہ لینا چاہے تو ان کانفرنسز میں حصہ لے سکتا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ختم نبوتﷺ کانفرنس سے متعلق ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ان معاملات پر پیر صاحب سے گفتگو کرے گی اور ان معاملات کو دیکھے گی ۔ جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔خیال رہے کہ ختم نبوتﷺ کے معاملے پر سجادہ نشین پیر حمید الدین سیالوی نے رواں ماہ کے آخر میں احتجاج کی کال دے رکھی تھی۔