وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے جاپان کے بیرونی تجارت کے ادارہ جیٹرو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اشی ہیرو یوکی کی ملاقات،وزیراعظم نے جیٹرو کی جانب سے تجارت و سرمایہ کاری کے شعبہ میں پاکستان کی مسلسل معاونت کو سراہا،پاکستان اقصادی سرگرمیوں کے حوالے سے تمام ایشیائی ممالک کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے،جاپان اس کے بڑے شراکت داروں میں شامل ہے،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

بدھ 24 جنوری 2018 23:40

ڈیووس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے جاپان کے بیرونی تجارت کے ادارہ جیٹرو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اشی ہیرو یوکی نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ملاقات کی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی، رکن قومی اسمبلی شیزہ فاطمہ اور سینئر سرکاری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم نے جیٹرو کی جانب سے تجارت و سرمایہ کاری کے شعبہ میں پاکستان کی مسلسل معاونت کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اقصادی سرگرمیوں کے حوالے سے تمام ایشیائی ممالک کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے اور جاپان اس کے بڑے شراکت داروں میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران پاکستان نے سیاسی استحکام کے حوالے سے شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں، ملک میں امن و امان اور انرجی سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے جبکہ پاکستان کی اقتصادی نمو کا اعتراف دنیا کی نامور ریٹنگ ایجنسیاں کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جیٹرو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے پاکستان کی اقتصادی نمو کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ جیٹرو کے بیرون ملک 73 دفاتر قائم ہیں جبکہ اس کا بھرپور ریسرچ نیٹ ورک بھی موجود ہے۔ جیٹرو کی 2017ء کی رپورٹ میں کاروباری نمو سے متعلق امکانات، منافع کی صلاحیت اور مقامی سطح پر روزگار کے حوالے سے درجہ بندی میں پاکستان کو پہلا ملک قرار دیا گیا تھا۔