وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مٹسوبشی کارپوریشن کے چیئرمین کین کوبا یاشی کی ملاقات،پاکستان میں کوئلے پر مبنی بجلی کی پیداوار اور پانی و سیوریج مینجمنٹ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اظہار،مٹسوبشی کے آپریشنز میں معاونت فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا

بدھ 24 جنوری 2018 23:40

ڈیووس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مٹسوبشی کارپوریشن کے چیئرمین کین کوبا یاشی نے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ڈیووس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی اور سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم نے مٹسوبشی کارپوریشن کی پاکستان میں بالخصوص مقامی سطح پر ہیوی مشینری کی تیاری میں سرمایہ کاری کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نمایاں اقتصادی استحکام حاصل کر لیا ہے جبکہ امن و امان کی صورتحال بھی بہتر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے زرمبادلہ کے ملکی تاریخ کے بلند ترین ذخائر کے ساتھ ساتھ افراط زر میں کمی لائی ہے جبکہ ملک کو درپیش توانائی کے بحران کے حل کیلئے بڑے منصوبے بھی شروع کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مٹسوبشی کارپوریشن کے چیئرمین نے پاکستان میں مٹسوبشی کے آپریشنز میں معاونت فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں کوئلے پر مبنی بجلی کی پیداوار اور پانی و سیوریج مینجمنٹ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ مٹسوبشی جاپان کی سب سے بڑی ٹریڈنگ کمپنی ہے، اس کے علاوہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، لاجسٹکس، توانائی، میٹلز، مشینری، کیمیکلز اور گھریلو استعمال کے آلات تیار کرنے والی دنیا کی صف اول کی کمپنیوں میں بھی اس کا شمار ہوتا ہے۔ مسٹوبشی کے پاکستان میں کئی مشترکہ منصوبے جاری ہیں اور یہ پاکستان کا تیسرا ایل این جی ٹرمینل بھی قائم کر رہی ہے۔