پاکستان کے نوجوانوں کو ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرنی ہے۔کیپٹن صفدر

بدھ 24 جنوری 2018 22:22

پاکستان کے نوجوانوں کو ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرنی ہے۔کیپٹن ..
فیصل آباد۔24جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنما اور مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر کیپٹن (ریٹارئرڈ)محمد صفدر نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جڑانوالہ میں مسلم لیگ یوتھ ونگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے مستقبل کا انحصار نوجوانوں پر ہے اس لئے صادق اور امین نوجوان قیادت پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک پاکستان کے نوجوانوں کا ہے اوران پر نہ صرف ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے بلکہ انہیں ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی مسلم یوتھ فورس کی بنیاد پر یوتھ ونگ کی تنظیم سازی کررہا ہوں جس میں صاوق اور امین ، نمازی پرہیزگارنوجوان شامل ہوںگے جو مائوں، بہنوں اور بزرگوں کی عزت کرنا جانتے ہوں اور جج ، وکیل ، ڈاکٹر ،انجینئر اور پائلٹ بن کر صدق دل سے ملک کی خدمت کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کا تقدس بحال کیا جائے گااور نظام عدل میں اصلاحات لائی جا ئیں گی کیونکہ اس کے بغیر ترقی اور خوشحالی کا خواب پور ا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو موٹر وے بنانے ، ایٹمی دھماکہ کرنے ، ججوں کو بحال کروانے ، دہشتگردی ختم کرنے ، تعلیم و صحت کی سہولتیںدینے اور سی پیک بنانے کی سزا دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو نظام جمہوریت سے دور رکھا گیا جس کے نتیجہ میں ملک دولخت ہو گیا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی ، خود انحصاری اور بہتر مستقبل جیسے مقا صد کے حصول کیلئے میاں نواز شریف سازشوں کا سامنا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سازشی عناصر ملک میں ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں لیکن عوام ان کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ؐ ہمارے ایمان کا حصہ ہے ،میری پانچ سال کی کوششوں کے بعد قرارداد پر اسمبلی میں نعت شریف کی آواز گونجی جس کیلئے اقلیتوں نے بھی ووٹ دیا جبکہ شیریں مزاری ووٹ دئیے بغیر ایوان سے باہر چلی گئیں ۔

انہوں نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب بھی اسمبلی میں ختم نبوت کی بات ہو ئی تم کہاں تھے۔اسمبلی میں ختم نبوت پر قرار داد لا رہا ہوں اس پر دستخط کرو گے تو مان جائوں گا ۔انہوں نے کہا کہ لبیک یا رسول الله ہماری زندگی کا آغاز بھی ہے اور اختتام بھی۔اسی نعرے نے ممتاز قادری کو افضل کیا ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف مقبول ترین رہنما ہیں اور جڑانوالہ میں ان کے جلسہ عام میں عوام بڑی تعداد میں شرکت کر کے ان پر اعتماد کا اظہار کریں گے ۔

قبل ازیں فیصل آباد پہنچنے پروزیر مملکت برائے داخلہ طلال بدر چوہدری نے ان کااستقبال کیا۔ اس موقع پر یوتھ ونگ اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ بعد ازاں انہیں موٹر وے سے ریلی کی صورت میں جڑانوالہ لے جایا گیا۔

متعلقہ عنوان :