نقیب اللہ کی ہلاکت ، معطل ایس ایس پی راؤ انوار کی گرفتاری کیلئے چھاپے

راؤ انوار اور دیگر ملزمان کو جلد گرفتار کرکے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔سلطان خواجہ

بدھ 24 جنوری 2018 22:15

نقیب اللہ کی ہلاکت ، معطل ایس ایس پی راؤ انوار کی گرفتاری کیلئے چھاپے
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2018ء) نقیب اللہ کی ہلاکت میں معطل ایس ایس پی راؤ انوار اور ان کی ٹیم روپوش ہیں نہ ہی کوئی اہلکار تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کو تیار ہے، سندھ پولیس نے اپنے ہی معطل افسر را ؤانوار سمیت دیگر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کردیے۔ڈی آئی جی ایسٹ سلطان خواجہ کے مطابق نقیب اللہ کیس میں نامزد راؤ انوار اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم حرکت میں آگئی ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کرکے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، رات گئے بھی ایک اطلاع پر چھاپہ مارا گیا تھا اور یہ سلسلہ ملزمان کی گرفتاری تک جاری رہے گا۔

گذشتہ روز وجوان نقیب اللہ محسود کے قتل کا مقدمہ ایس ایس پی کے خلاف درج کرلیا گیا، ایف آئی آر مقتول اہل خانہ کی درخواست پر سچل تھانے میں درج کی گئی۔

(جاری ہے)

نقیب اللہ کے والد کی مدعیت میں درج مقدمے میں 365،302،309اور انسداددہشتگردی کی دفعات شامل کی گئیں جبکہ مقدمے میں را ؤانوار اور 8دیگر اہلکاروں کو نامزد کیا گیا ہے۔راؤ انوار کے خلاف تحقیقات ٹیم کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثنا اللہ عباسی نے نقیب اللہ کے اغوا کے دوعینی شاہدین کے بیانات بھی ریکارڈ کرلیے۔

تحقیقاتی ٹیم نقیب اللہ کے گھر علی ٹاون بھی گئی تھی جہاں ٹیم نے مقتول نقیب اللہ کے والد اور رشتے داروں سے ملاقات کی تھی۔خیال رہے راؤانوارکے فرار ہونے کے راستے بند کر دیئے گئے تھے اور وزارت داخلہ نے تحریری احکامات ملنے پرسابق ایس ایس پی ملیر را ؤانوار کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا تھا۔