وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے اوبر ٹیکنالوجیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر دارا خسرو شاہی کی ملاقات

ڈرائیوروں کو اوبر کیلئے گاڑی کی فنانسنگ میں مدد کے لئے پاکستانی بینکوں اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ساتھ شراکت داری کی دعوت پاکستان کی مارکیٹ میں اوبر کیلئے بڑی گنجائش موجود ہے،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

بدھ 24 جنوری 2018 21:56

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے اوبر ٹیکنالوجیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے اوبر ٹیکنالوجیز ان کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر دارا خسرو شاہی نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ملاقات کی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی اور سینئر سرکاری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ’’شیئرنگ اکانومی‘‘ ماڈل کے ہراول دستہ کا کردار ادا کرنے پر اوبر کو سراہا اور اسے پاکستانی بینکوں اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ساتھ شراکت داری قائم کرنے کی دعوت دی تاکہ ڈرائیوروں کو اوبر کیلئے گاڑی کی فنانسنگ میں مدد دی جا سکے۔

ملاقات میں اوبر کی پاکستانی معیشت میں بامعنی انداز میں شمولیت سے متعلق امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی مارکیٹ میں اوبر کیلئے بڑی گنجائش موجود ہے۔ واضح رہے کہ اوبر ٹیکنالوجیز ان کارپوریشن ایک عالمی ٹیکنالوجی کمپنی ہے جو 633 شہروں میں کام کر رہی ہے۔ اس نے پاکستان میں اپنے آپریشنز کا آغاز مارچ 2016ء میں کیا اور یہ سات شہروں میں کام کر رہی ہے جس کے نتیجہ میں 63 ہزار ڈرائیوروں کو آمدنی اور 12 لاکھ 70 ہزار صارفین کو سروس فراہم کر رہی ہے۔