وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ڈیووس میں بل و ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے کو چیئرمین بل گیٹس کی ملاقات

صحت، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں میں شراکت داری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 24 جنوری 2018 21:56

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ڈیووس میں بل و ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے ..
ڈیووس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے بل و ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے کو چیئرمین بل گیٹس نے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ڈیووس میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ، وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی اور سینئر سرکاری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم نے بل و ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کی جانب سے پاکستان میں بالخصوص انسداد پولیو کے پروگرام کیلئے معاونت کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں صحت، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں میں شراکت داری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس دوران مالیاتی و ڈیجیٹل شمولیت کے ذریعے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں اور کاشتکاروں کو بااختیار بنانے پر بھی بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم سماجی شعبہ کی اصلاحات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں، صحت و تعلیم کے شعبوں میں ہماری حکومت کی جانب سے کئے گئے حالیہ بڑے اقدامات سے عام لوگوں بالخصوص غریب اور پسماندہ طبقات کو یقینی فائدہ پہنچے گا۔ گذشتہ سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے 70 لاکھ سے زائد اکائونٹس اور سرٹیفکیٹ ہولڈرز جن میں نصف سے زیادہ خواتین شامل ہیں، کے کھاتوں کو ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز اور کار انداز پاکستان کی شراکت سے ڈیجیٹلائز کرنے کے سلسلہ میں پیشرفت کو سراہا۔

کار انداز پاکستان چھوٹے کاروباروں اور افراد کیلئے مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے کے سلسلہ میں کام کر رہی ہے۔ اس موقع پر بل گیٹس نے گذشتہ چار سالوں کے دوران انسداد پولیو کے سلسلہ میں کی گئی شاندار پیشرفت کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ تمام شراکت دار ملک کے باقی حصوں سے بھی پولیو کے مکمل خاتمہ کی منزل حاصل کرنے کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کے سلسلہ میں حکومت کے مسلسل عزم پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور اس حوالہ سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ذاتی عزم کو سراہا۔