حافظ محمد سعید کیخلا ف کاروائی وہ کر رہے ہیں جو کشکول اٹھائے دنیا سے بھیک مانگتے ہیں، اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ

عدالت میں حکومت کبھی جماعةالدعوة اور ایف آئی ایف کیخلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی،عدالتی حکم کے باوجود حکومت نے کوئی قدم اٹھایا تو قانونی جنگ لڑیں گے ، وکیل پروفیسر حافظ محمد سعید

بدھ 24 جنوری 2018 21:53

حافظ محمد سعید کیخلا ف کاروائی وہ کر رہے ہیں جو کشکول اٹھائے دنیا سے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جنوری2018ء) جماعة الدعوة کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید کے وکیل اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حافظ محمد سعید کیخلا ف کاروائی وہ کر رہے ہیں جو کشکول اٹھائے دنیا سے بھیک مانگتے ہیں۔ عدالت میں حکومت کبھی جماعةالدعوة اور ایف آئی ایف کیخلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی۔عدالتی حکم کے باوجود حکومت نے کوئی قدم اٹھایا تو قانونی جنگ لڑیں گے اور پوچھیں گے کہ عدالتوں کا احترام کیوں نہیں کیا جاتا ۔

فاضل عدالت نے حکومت کو حافظ محمد سعید اور جماعةالدعوة کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی سے روک دیا ہے۔ اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے کہاکہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے جماعة الدعوة اور ایف آئی ایف کا وکیل بننے کا شرف حاصل ہے،۔

(جاری ہے)

گزشتہ دس برس سے ان دو اداروں کا وکیل ہوں۔حیرت کی بات ہے کہ جب بھی مقدمہ کیا ایک چیز اظہر من الشمس تھی کہ حکومت پاکستان جب بھی جماعة الدعوة اور ایف آئی ایف کے خلاف کوئی قدم اٹھاتی ہے تو خود نہیں بلکہ بیرونی قوتوں کے کہنے پر اٹھاتی ہے۔

حکومت کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہوتا،وہ کہتے ہیں ہمیں امریکہ نے کہا اس لئے کاروائی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے ہمیشہ ہمارے حق میں فیصلے دیے۔ حکومت کی طرف سے عدالتوں میں کہا جاتا رہا کہ ہمارے پاس ایسے ثبوت ہیں کہ وہ صرف چیمبر میں دکھا سکتے ہیں لیکن جب حکومتی ذمہ داران نے یہ سب کچھ چیمبر میں جج صاحبان کو دکھا یا تو ان میں کوئی ایسی بات نہیں تھی کہ جس سے عدالت کو مطمئن کیا جاسکتا۔

اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے کہاکہ گزشتہ برس جب حافظ محمد سعید نظربند ہوئے تو ایک ریویو بورڈ بنا ،تین فاضل جج اس میں شامل تھے انہوں نے بھی کہا کہ حافظ سعید کے خلاف کوئی ثبوت نہیں۔انہوں نے کہا کہ حافظ محمد سعید کی رہائی کے بعد امریکہ نے پھر پاکستان کو کہا کہ حافظ محمد سعید کے خلاف کاروائی کرو جس پر لاہور ہائیکورٹ میں نئی رٹ پٹیشن دائر کی کہ اقوام متحدہ ٹیم کی آمد کے موقع پر جماعةالدعوة اور حافظ محمد سعید کیخلاف کوئی کاروائی نہ کی جائے جس پر عدالت نے تاحکم ثانی حکومت کو ایسا کرنے سے روک دیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ حافظ سعید کے خلاف کاروائیاں وہ لوگ کرتے ہیں جنہوں نے کشکول اٹھا رکھا ہے کہ ہمیں پیسے دیجئے،ہم نے فضول خرچیاں کرنی ہیں۔جماعة الدعوة ملک میں خدمت خلق کا کام کر رہی ہے۔تھر میں بھوکوں کو کھانا کھلا رہے ہیں۔سیہون شریف،مال روڈ دھماکوں میں امدادی کاموں میں سب سے آگے تھے اس کے باوجود صرف بیرونی دبائو پر ان کیخلاف کاروائیاں کی جاتی ہیں۔اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے کہاکہ ہم نے عدالتی آرڈر لے لئے ہیں ۔اگر حکومت کوئی غیر قانونی قدم اٹھاتی ہے تو ہم انہیں عدالتوں میں لیجائیں گے۔ہم قانون کا سہارا لیتے ہیں اورآئندہ بھی لیں گے۔

متعلقہ عنوان :