وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ٹیلی نار کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ملاقات

بدھ 24 جنوری 2018 21:52

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ٹیلی نار کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ملاقات
ڈیووس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ٹیلی نار کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ملاقات کی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی اور سینئر سرکاری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم نے پاکستان میں بالواسطہ اور بلاواسطہ تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار پاکستانیوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر ٹیلی نار کو سراہا اور افرادی قوت کی تربیت و ترقی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی تعریف کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹیلی نار کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں ٹیلی نار کے نئے ہیڈ کوارٹر کے افتتاح کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس نے پاکستان میں کام کرنے کے ماحول کیلئے نئے معیارات قائم کئے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹیلی نار کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے پاکستان میں ٹیلی نار کے آپریشن میں سہولت فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی ورک فورس کو جدید ترین ٹیلی کام ٹیکنالوجیز میں تربیت کی فراہمی سمیت ٹیلی نار اپنے آپریشنز کو مزید وسعت دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیلی نار پاکستان میں آزادانہ پالیسی کے ماحول میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کا خواہاں ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے معاون ریگولیٹری رجیم سے مزید سہولیات میسر آئی ہیں۔ واضح رہے کہ ٹیلی نار 2005ء سے پاکستان میں آپریٹ کر رہا ہے اور اس نے ایزی پیسہ کے نام سے موبائل فنانشل ٹرانزیکشن کا نظام بھی متعارف کرایا ہے۔ ٹیلی نار اب تک پاکستان میں 3.5 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کر چکا ہے۔