حیدری مارکیٹ کے اطراف پارکنگ پلازہ اور مین روڈ پر یوٹرن بنایا جائے گا، وسیم اختر

نارتھ ناظم آباد میں میرج لانز کے سامنے سڑک پر گاڑیوں کی پارکنگ ختم کرائیں گے،مسائل کے حل کے لئے مارکیٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو ساتھ بٹھائیں گے،میئر کراچی

بدھ 24 جنوری 2018 21:45

حیدری مارکیٹ کے اطراف پارکنگ پلازہ اور مین روڈ پر یوٹرن بنایا جائے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جنوری2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ حیدری مارکیٹ کے اطراف پارکنگ پلازہ اور مین روڈ پر یوٹرن بنایا جائے گا جبکہ لیاقت آباد سپر مارکیٹ کے سامنے پیڈسٹرین برج اور مارکیٹ کی سیڑھیوں کی مرمت اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب بھی فوری طور پر کی جائے گی، نارتھ ناظم آباد میں میرج لانز کے سامنے سڑک پر گاڑیوں کی پارکنگ ختم کرائیں گے تاکہ علاقے میں ٹریفک جام کے مسئلے پر قابو پایا جائے، کسی بھی جگہ مین روڈ پر غیرقانونی پتھارے لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، مسائل کے حل کے لئے متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو ساتھ بٹھائیں گے اور ان کی مشاورت سے ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے ، یہ بات انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں حیدری مارکیٹ ایسوسی ایشن اور لیاقت آباد سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے وفود کے ہمراہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر بلدیہ وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس، میئر کراچی کے مشیر فرحت خان، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ٹو میئر کراچی ایس ایم شکیب ، چیف انجینئر ایم اینڈ ای انیس قائم خانی، وائس چیئرمین یوسی 39- نعیم الدین، صدر حیدری مارکیٹ ایسوسی ایشن محمد امجد، چیئرمین انجمن تاجران ڈسٹرکٹ سینٹرل محمد حسین قریشی، نائب صدر سپر مارکیٹ تاجر اتحاد عدنان جمیل،لیاقت آباد ٹمبر مارکیٹ اور فردوس پارکنگ کے صدر اور دیگر نمائندے بھی موجود تھے، اجلاس کے دوران مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے میئر کراچی کو اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حیدری مارکیٹ کے اطراف گاڑیوں کی بے ہنگم پارکنگ اور مرکزی سڑک پر پتھارے لگنے کی وجہ سے دکانداروں اور خریداری کے لئے آنے والے شہریوں کو انتہائی شدید اذیت کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ نارتھ ناظم آباد کی مرکزی شاہراہ پر حیدری مارکیٹ کے قریب مناسب مقام پر یوٹرن بنانے سے ٹریفک کو سہولت ملے گی، انہوں نے علاقے میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بھی بہتر بنانے کی درخواست کی، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ حیدری مارکیٹ کراچی کی بڑی مارکیٹس میں شامل ہے جس سے ہزاروں تاجروں کا کاروبار منسلک ہے اور شہریوں کی بڑی تعداد یہاں خریداری کے لئے روزانہ آتی ہے لہٰذا حیدری مارکیٹ کے قریب پارکنگ پلازہ کی تعمیر کے لئے نجی شعبے کے اشتراک سے منصوبہ بنایا جائے گا ، انہوں نے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ سڑک پر یوٹرن کی تعمیر پر بھی کام شروع کیا جائے ، میئر کراچی نے کہا کہ نارتھ ناظم آباد سے گزرنے والے گرین لائن بس پروجیکٹ کی وجہ سے بھی علاقے میں گاڑیوں کی پارکنگ اور ٹریفک جام کے مسائل ہیں تاہم امید ہے کہ یہ پروجیکٹ مکمل ہونے پر ان مسائل میں خاطر خواہ کمی آئے گی، انہوں نے کہا کہ حیدری مارکیٹ کے اطراف میں سڑک پر غیرقانونی پتھارے لگنے کی شکایات مسلسل آرہی ہیں اور ہماری پوری کوشش ہے کہ پتھاروں اور دیگر تجاوزات کو مکمل طور پر ختم کردیا جائے، انہوں نے کہا کہ آئندہ نارتھ ناظم آباد میں میرج لانز کے مالکان کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ مین روڈ پر گاڑیوں کی پارکنگ نہ ہونے دیں جس کے لئے متعلقہ شادی ہال ایسوسی ایشن سے رابطہ کیا جائے گا اور ضلع وسطی کی انتظامیہ اور ڈی آئی جی ٹریفک سے بھی مکمل مشاورت کی جائے گی تاکہ حیدری مارکیٹ کے اطراف مسائل جلد از جلد حل کئے جائیں، اجلاس کے دوران لیاقت آباد سپر مارکیٹ اور دیگر منسلکہ مارکیٹس کے عہدیداروں نے میئر کراچی سے درخواست کی کہ علاقے میں سڑکوں اور اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کرائیں اور سپر مارکیٹ میں بجلی کی بحالی کے لئے اقدامات کئے جائیں، میئر کراچی وسیم اختر نے اس پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ کل ہی کے الیکٹر ک کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس بلائیں اور سپر مارکیٹ کے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے لئے لائحہ عمل طے کریں انہوں نے سپر مارکیٹ کے دکانداروں سے کہا کہ وہ مارکیٹ کی حدود میں غلط تعمیرات اور تجاوزات قائم نہ ہونے دیں اور بجلی کی چوری کو بھی روکیں انہوں نے ہدایت کی کہ مارکیٹ کے دکانداروں کی طرف سے کرائے اور بجلی کے چالان کی ادائیگی کی تفصیلات تیار کی جائیں اور اگر کہیں غیرقانونی طور پر بجلی کا کنکشن دیا گیا ہے تو اسے فوری طور پر ہٹایا جائے ، انہوں نے کہا کہ لیاقت آباد مارکیٹ ایک گنجان اور قدیم مارکیٹ ہے جہاں مختلف قسم کے مسائل لوگوں کو درپیش ہیں تاہم انہیں بتدریج حل کیا جا رہا ہے ، مارکیٹ ایسوسی ایشن اور علاقے کے منتخب نمائندوں کے تعاون اور رہنمائی کے ذریعے ان تمام مسائل پر قابو پانے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔

#

متعلقہ عنوان :