پاکستان اور چین کی دوستی سیاست سے بالا تر ،دوستی کی جڑیں عوام میں ہیں،عمران خان

تحریک انصاف سی پیک منصوبے کی مکمل حمایت جاری رکھے گی،افغانستان میں امن کیلئے چین کی کوششوں کو قدر کی نگاہ دیکھتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی چینی سفیر سے گفتگو عمران خان ایک قومی رہنما ہیں ملاقات پر مسرت ہوئی، یائو جنگ

بدھ 24 جنوری 2018 21:23

پاکستان اور چین کی دوستی سیاست سے بالا تر ،دوستی کی جڑیں عوام میں ہیں،عمران ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی سیاست سے بالا تر ہے،دونوں ممالک کی دوستی کی جڑیں ان کے عوام میں ہیں،تحریک انصاف سی پیک منصوبے کی مکمل حمایت جاری رکھے گی،پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے،تحریک انصاف افغانستان میں امن کیلئے چین کی کوششوں کو قدر کی نگاہ دیکھتی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بات بدھ کو پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ملاقات میںدونوں طرف سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں جہانگیر ترین ، علیم خان، ڈاکٹر شہزاد وسیم، فواد چوہدری، شاہ فرمان، عامر کیانی اور اسحق خاکوانی بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

چینی سفیر یائو جنگ نے کہا کہ عمران خان ایک قومی رہنما ہیں ، ان سے ملاقات باعث مسرت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی سب سی بڑی سیاسی جماعت ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سیاست سے بالا تر ہے۔اس دوستی کی جڑیں پاکستان اور چین کے عوام میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دوستی کی تمام جہتیں عوامی بنیادوں پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک قومی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور اس پر مکمل اعتماد ہے۔

تحریک انصاف سی پیک منصوبے کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے۔ افغانستان کا امن پاکستان کے امن میں پنہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف افغانستان میں امن کیلئے چین کی کوششوں کو قدر کی نگاہ دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں مارچ کے اواخر یا اپریل کے شروع میں چین کا دورہ کرونگا ۔