صدر ممنون حسین نے جدید ترین اردو لغت کے آن لائن ایڈیشن کاباضابطہ افتتاح کردیا ..
تازہ ترین : 1

صدر ممنون حسین نے جدید ترین اردو لغت کے آن لائن ایڈیشن کاباضابطہ افتتاح کردیا

اردو لغت کے آن لائن ایڈیشن کے ذریعے 22 ہزار صفحات پرمشتمل علمی خزانہ اب انٹرنیٹ پردستیاب ہو گا ا پنی ثقافت مضبوط ہو تو بیرونی ثقافتوں کی یلغار کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا،قومی زبان کے خادموں اور محسنو ںکو محبت سے یاد کیا جاتا ہے، صدر ممنون حسین کا تقریب سے خطاب

صدر ممنون حسین نے جدید ترین اردو لغت کے آن لائن ایڈیشن کاباضابطہ افتتاح ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جنوری2018ء) صدر ممنون حسین نے جدید ترین اردو لغت کے آن لائن ایڈیشن کاباضابطہ افتتاح کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں بدھ کے روز ایوان صدر میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی، سیکرٹری قومی تاریخی و ادبی ورثہ عامر حسن، اردو لغت بورڈ کے چیف ایڈیٹر عقیل عباس جعفری ، ماہر لسانیات اور ادبی شخصیات نے شرکت کی۔

کئی عشروں کی محنت سے تیار ہونے والی 22 جلدوں پر مشتمل اردو لغت کے آن لائن ایڈیشن کے ذریعے 22 ہزار صفحات اورتقریبا 2 لاکھ 64 ہزار الفاظ پر مشتمل علمی خزانہ اب انٹرنیٹ پردستیاب ہو گا جس کے لئے مخصوص "ایپ" تیار کی گئی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہاکہ یہ خصوصی تقریب کئی لحاظ سے یادگار اہمیت کی حامل ہے ، آج ہماری زبان تہذیبی جاہ وجلال کے ساتھ بڑی عالمی زبانوں کی صف میں شامل ہو گئی ہے۔

صدر نے وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی اور ان کی ٹیم کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ کامیابیوںکا یہ سفرمستقبل میں بھی جاری رہے گا اور ادب و ثقافت کا یہ پرچم پوری دنیا میں آب و تاب سے لہراتا رہے گا۔ صدر نے کہاکہ زبانیں انسان کی شناخت اور رابطے کا ذریعہ ہوتی ہیں، خوشی ہے کہ 22جلدوںپر مشتمل اردو لغت اردو زبان کے تمام نزاکتوں اور ثقافتی تاریخ کو سامنے لے کر آئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اپنی ثقافت مضبوط ہو تو بیرونی ثقافتوں کی یلغار کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔ صدر نے کہا کہ قومی زبان کے خادموں اور محسنو ںکو محبت سے یاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیاکہ اردو لغت میں استعمال ہونے والے ادبی خزینے کو محفوظ کرلیا جائے۔ صدر ممنون حسین نے اردو زبان سے اپنے لگائو اور دورہ آذربائیجان کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے دورے کے دوران آذربائیجان میں اردو سے محبت کرنے والوںکو اردو لغت کا تحفہ پیش کیا تھا۔

صدر نے کہا کہ لغت علمی سرگرمی ہی نہیں تحقیقی معاملہ بھی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی اردو لغت بورڈ اس ضمن میں اپنی بھرپور کوششیں کرے گا جس سے نہ صرف لغت بلکہ متعلقہ صنعت میں بھی صحت مند رجحان پیدا ہو گا اور ہم اپنی مطبوعات بین الاقوامی مارکیٹ میں بہتر انداز میں متعارف کروا سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اردو لغت کے آن لائن ایڈیشن کے ذریعے پوری دنیا میں استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

توقع ہے کہ جلد آن لائن ایڈیشن میں صوتی اور درست تلفظ بھی میسر ہو گا۔ انہوں نے اس بات پرو زوردیا کہ بدلتے وقت کے ساتھ زبان میں بھی جدیدیت کی ضرورت ہوتی ہے۔ امید ہے کہ وقت کے بدلتے تقاضوں کے ساتھ نئے الفاظ ہماری لغت میں شامل ہو سکیں گے۔ صدر نے یقین دلایاکہ حکومت لغت کے حوالے سے کام کرنے والوں کی ضرورت پوری کرتی رہے گی۔ تقریب سے وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے بھی خطاب کیا اور اردو لغت کے آن لائن ایڈیشن کے اغراض و مقاصد اور خصوصیات پر روشنی ڈالی۔۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 24/01/2018 - 20:09:26

اس خبر پر آپ کی رائے‎

متعلقہ عنوان :