ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد سعید سے تاجر برادری کے وفد کی ملاقات

بدھ 24 جنوری 2018 19:46

ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد سعید سے تاجر برادری کے وفد کی ملاقات
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2018ء) ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد سعید سے کراچی سے تعلق رکھنے والے تاجر برادری کے وفد نے بدھ کو ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد کو سیکورٹی صورتحال بالخصوص کھارادر میں 18 جنوری 2018 ء کو ہونے والے گرینیڈ حملے اور میڈیا رپورٹ میں تاجروں کو موصول ہونے والی دھمکی آمیز کالز کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں پاکستان رینجرز (سندھ) کی جانب سے کئے جانے والے حفاظتی اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈی جی رینجرز (سندھ) نے کہا کہ بھتہ خوری ایک لعنت ہے جو معاشرے میں دیگر جرائم کے پنپنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ بھتہ خور ی کے تدارک کے لئے تاجر برادری کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، تمام تاجر برادری کسی بھی قسم کی دھمکی اور بھتے کی پرچی موصول ہونے پر رینجرز کی طرف سے دئیے گئے ہیلپ لائن نمبر 1101 ،021-32630100 ، 021-34389559 اور 021-99205257 پر فوری اطلاع دیں۔

(جاری ہے)

مارکیٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران مارکیٹ کی متعلقہ ضروریات کے لئے جمع شدہ رقم کوصرف مارکیٹ کی فلاح بہبود پر خرچ کریں اور اس کا مکمل ریکارڈ رکھیں۔ ڈی جی رینجرز نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ پا کستان رینجرز (سندھ) تاجروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہے اور تمام مارکیٹوں میں روزانہ رینجرز اہلکار گشت پر معمور رہتے ہیں، ان پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں شر پسند عناصر کی نشاندہی ضرور کریں، آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

ایسوسی ایشن کے ممبران نے رینجرز کی جانب سے شہر میں امن کی بحالی اور تاجر برادری کے لئے کئے گئے سیکورٹی انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔ اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا کہ بھتہ خوری کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے باہمی تعاون کو مزید موثر بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :