بحری معیشت کوتقویت دے کر مجموعی قومی پیداوار کو تین گنا تک بڑھایا جا سکتا ہے ۔ چیف آف دی نیول

اسٹاف کا کراچی چیمبر آٖ ف کامرس اینڈ انڈسٹر یز سے خطاب

بدھ 24 جنوری 2018 19:46

بحری معیشت کوتقویت دے کر مجموعی قومی پیداوار کو تین گنا تک بڑھایا جا ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2018ء) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بدھ کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد مقامی تاجر برادری اور بحری شعبے کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا تھا تاکہ ملکی معیشت کو فروغ دیا جاسکے۔ تاجر برادری کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے بحری شعبے میں اقتصادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو نیو ل چیف کے وژن کا اہم پہلو ہے۔

انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے ملک کی بحر ی معیشت کو مستحکم بنا کر ملک کی مجموعی قومی پیداوار کو تین گنا تک لے جایا جا سکتا ہے۔ نیول چیف نے مزید کہا کہ ملک کے بحری شعبے کی بہتری کے لئے ہمیں مل جل کر کام کرنا ہوگا اور ملک کی ترقی اور اور خوشحالی کے لئے مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی۔

(جاری ہے)

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر مفسر عطا ملک نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں بحری تجارتی راہداریوں کو محفوظ بنانے میں پاک بحریہ کے کردار اور کاوشوں کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب کسی نیول چیف نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹاف (آپریشنل پلانز) نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے اراکین کو بحری شعبے کے ذریعے ملکی معیشت کو ترقی دینے کے حوالے سے پاک بحریہ کے کردار اور امکانات پر بریفنگ دی۔ قبل ازیں چیف آف نیول اسٹاف نے ایم ایس اے کے فلیٹ میں حال ہی میں شامل کی جانے والی میری ٹائم پٹرول ویسل پی ایم ایس ایس دشت کا دورہ کیا جہاں انہیں بحری جہاز کی صلاحیتوں اور میری ٹائم سیکورٹی میں اس کے کردارسے آگاہ کیا گیا۔

نیول چیف نے پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا۔ ہیڈ کوارٹرز آمد پر نیول چیف کو ایک چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو اس موقع پر پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے کردار اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رئیر ایڈ مرل ذکا الرحمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :