آبادکے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے جبکہ ادارہ اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا،ڈی جی ادارہ ترقیات کراچی

بدھ 24 جنوری 2018 18:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2018ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ آبادکے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے جبکہ ادارہ اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ یہ بات اپنے دفتر میں موجود ڈی جی کے ڈی اے نے آبادکے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر مختلف امور پر نہ صرف تبادلہ خیال کیا گیا بلکہ وفد نے ڈی جی کے ڈی اے کو آبادکے مسائل سے آگاہ کیا۔

ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمہ کے لئے اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کا عملہ بلاتفریق کارروائی کررہا ہے جبکہ رواں ماہ آباد کی نشاندہی پر قائم تجاوزات کے خاتمہ کے لئے بھرپور قوت سے آپریشن کیا جائے گا، کے ڈی اے نیلامی میں الاٹ کئے گئے کے ڈی اے اراضی کا قبضہ آباد کے سپرد کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ آباد کے مسائل کے خاتمہ کے لئے سنجیدگی کے ساتھ اپنا ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

آباد کے سینئر وائس چیئرمین فیاض الیاس اور وائس چیئرمین محمد سہیل وریند نے ڈی جی کے ڈی اے کو آباد کے مسائل کے خاتمہ کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں، ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ آباد کی تجاویز پر افسران سے مشاورت کی جائے گی جس کے بعد مثبت تجاویز پر عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ بعدازاں آباد کے وفد نے ڈی جی کے ڈی اے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آباد کے دیرینہ مسائل کے خاتمہ کے لئے ڈی جی کے ڈی اے کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

متعلقہ عنوان :