کراچی ،تبلیغی جماعت کا تین روزہ سالانہ اجتماع2فروری سے شروع ہوگا

اجتماع پورے ملک وبالخصوص شہرقائد کیلئے باعث خیر و برکت ہوگا، مفتی محمدنعیم کی گفتگو

بدھ 24 جنوری 2018 18:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2018ء) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا ہے کہ تبلیغی جماعت کی تحریک کا مقصد انسانوں کا تعلق مخلوق سے کاٹ کر اللہ تعالی سے جوڑنا ہے، سالانہ تبلیغی اجتماع2فروری بعد نماز عصر شروع ہوگا ،موجودہ پر فتن دور میںاجتماع پاکستان خصوصا اہل کراچی کیلیے باعث خیر و برکت ہوگا، حکومت سندھ اور انتظامیہ اجتماع گاہ کی مکمل سیکیورٹی ، پانی و بجلی اور اجتماع میں شرکت کیلیے آنے والے مہمانوں کیلیے ٹرانسپورٹ کی سہولت و دیگر انتظامات کو یقینی بنائے۔

ان خیالات کا اظہار جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے اورنگی ٹاون میں اجتماع گاہ کے دورے کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کراچی کے سالانہ اجتماع کے تمام تر انتظامات مکمل کردیئے ہیں 2فروری بروز جمعہ عصرسے پیر کی صبح تک عالمی تبلیغی جماعت کا سہ روز اجتماع شروع ہوگااس میں عوام الناس زیادہ سے زیادہ شرکت کریں ، انہوںنے کہاکہ تبلیغی جماعت عالم اسلام کو متحد کرنے کی عظیم تحریک ہے ، سیاسی اور نظریاتی اختلافات سے ہٹ کر اللہ کی توحید کا پرچار اور اسلام کی دعوت ایک عظیم کام بلکہ کار پیغمبری ہے۔

تبلیغی اجتماع شہرقائد کے لیے رحمت ہے، مسلمان کی حقیقی کامیابی اللہ کی رضا مندی میں ہے، اللہ کو ناراض کرکے خوشحالی حاصل کرنے والے دنیا میں جتنابھی آرام وسکون حاصل کرلیں مگر ان کا انجام برا ہوتاہے۔انہوںنے کہاکہ تبلیغی جماعت اصلاحی تحریک ہے جو بیشمار بھٹکے ہووں کو راہ راست پر لانے کام کررہی ہے، حکمت اور بصریت سے دین اسلام کی اشاعت میں مصروف تبلیغی جماعت فرقہ پرستی اورفرقہ واریت پر یقین نہیں رکھتی بلکہ یہ خالص تبلیغی اصلاحی تحریک ہے جو دعوت وارشاد کے مقدس کام سرانجام دے رہے ہیں جس کا مقصد انسانوں کا تعلق کو مخلوق سے کاٹ کر اللہ تعالیٰ سے جوڑنا ہے، عالم اسلام کیلئے تبلیغی جماعت کا وجود ایک رحمت ہے جو دنیا کے ہر ملک میں اسلام کی دعوت کو لیکر پہنچ رہے ہیں ۔

انہوںنے کہاہے کہ حکومت سندھ حکومت اجتماع کی سیکورٹی،پانی ،گیس اور بجلی کی سہولت ودیگر انتظامات کو یقینی بنائے۔

متعلقہ عنوان :