کراچی کی تاجربرادری کے وفد کی ڈی جی رینجرز سندھ سے ملاقات

بھتہ خور ی کے تدارک کے لیے تاجر برادری کاکردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے،میجر جنر ل محمد سعید کی گفتگو

بدھ 24 جنوری 2018 18:31

کراچی کی تاجربرادری کے وفد کی ڈی جی رینجرز سندھ سے ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2018ء) کراچی سے تعلق رکھنے والے تاجر برادری کے وفد نے بدھ کو ڈی جی رینجرز(سندھ) میجر جنرل محمد سعیدسے ملاقات کی ۔اس موقع پر وفد کو سیکیورٹی صورتحال بالخصوص کھارادر میں18جنوری 2018 کو ہونے والے گرینیڈ حملے اور میڈیا رپورٹ میں تاجروں کو موصول ہونے والی دھمکی آمیز کالز کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں پاکستان رینجرز (سندھ) کی جانب سے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

ڈی جی رینجرزنے کہا کہ بھتہ خوری ایک لعنت ہے جو معاشرے میں دیگر جرائم کے پنپنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ بھتہ خور ی کے تدارک کے لیے تاجر برادری کاکردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔تمام تاجر برادری کسی بھی قسم کی دھمکی اوربھتے کی پرچی موصول ہونے پر رینجرز کی طر ف سے دئیے گئے ہیلپ لائن نمبر 1101 ،021-32630100 ، 021-34389559 اور 021-99205257پر فوری اطلاع دیں۔

(جاری ہے)

مارکیٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران مارکیٹ کی متعلقہ ضروریات کے لیے جمع شدہ رقم کوصرف مارکیٹ کی فلاح بہبود پر خرچ کریں او ر اس کا مکمل ریکارڈ رکھیں ۔ ڈی جی رینجرز نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ پا کستان رینجرزتاجروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے اور تمام مارکیٹوں میں روزانہ رینجرز اہلکار گشت پر معمور رہتے ہیں۔ان پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں شر پسند عناصر کی نشاندہی ضرور کریں ۔

آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے ممبران نے رینجرز کی جانب سے شہر میں امن کی بحالی اور تاجر برادری کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔اس بات کا فیصلہ بھی کیاگیا کہ بھتہ خوری کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مثر بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :