ثقافتی یلغارمنظم تہذیبوں کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، پاکستان کو اردولغت کے ایک ہزار سال کی ثقافتی روایت کو محفوظ کرنے کااعزاز حاصل ہے، ممنون حسین

متعلقہ ادارے لغت میں بدلتے زمانے اورجدید تحقیقات و ایجادا ت کے مطابق نئے الفاظ شامل کریں، صدر مملکت کا اردو لغت کے انٹرنیٹ ایڈیشن کی تقریب اجراء سے خطاب ابتدائی درجوں کے بچوں کے لیے لغت اورنابینا افراد کے لیے کمپیوٹر سافٹ ویئر پر تیزی سے کام جاری ہے، عرفان صدیقی

بدھ 24 جنوری 2018 17:24

ثقافتی یلغارمنظم تہذیبوں کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، پاکستان کو اردولغت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2018ء) صدر مملکت ممنو ن حسین نے کہا کہ ثقافتی یلغارمنظم تہذیبوں کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے اس نے اردو لغت کے ایک ہزار سال کی ثقافتی روایت کو محفوظ کر دیا جسے مستقبل میں اردو کے قدردان جدید تقاضوں کے مطابق بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔ صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں اردو لغت کے انٹرنیٹ ایڈیشن کی تقریب اجرا سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویڑن عرفان صدیقی اور چیف ایڈیٹر اردو ڈکشنری بورڈ عقیل عباس جعفری نے بھی خطاب کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ زبانیں انسان کی شناخت اور رابطے کا ذریعہ ہیں لیکن جن زبانوں کا تاریخی پس منظر، الفاظ، مختلف زمانوں میں ان کے استعمال کی صورتیں اور لسانیاتی تجربات ایک مربوط اور سائنٹیفک لغت کی صورت میں مرتب ہو جائیں، وہ بقائے دوام کے درجے پر پہنچ جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مسرت کا اظہار کیا کہ بائیس جلدوں پر مشتمل اردولغت نہ صرف زبان کی تاریخ اور اس کی دیگر تمام نزاکتوں کا پوری جامعیت سے احاطہ کرتی ہے بلکہ ہماری ایک ہزار برس کی تہذیبی اور ثقافتی روایت کو بھی سامنے لاتی ہے۔

جن قوموں کی ثقافتی تاریخ اس طرح دستاویزی حیثیت اختیار کر جائے اٴْسے کسی بیرونی ثقافتی یلغار اور اس سے وابستہ دوسرے مسائل سے کوئی خطرہ نہیں رہتا۔صدر مملکت نے خواہش کا اظہار کیا کہ اس لغت کی تیاری میں استعمال ہونے والی نادر و نایاب کتابوں اور دیگرتمام متعلقہ تحقیقی مواد کو قومی ورثے کی حیثیت سے محفوظ کیا جائے تاکہ اس سے نئی نسل نہ صرف علمی تحقیق کے اسرار و رموزسے آگاہ ہو سکے گی بلکہ یہ بھی جان سکے گی کہ اس کے بزرگوں نے کس جانفشانی کے ساتھ بڑے بڑے تحقیقی کارنامے سرانجام دیے ہیں۔

انھوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس شاندار علمی کارنامے کو ڈیجیٹلائزکر کے اس کا انٹر نیٹ ایڈیشن تیار کرے تاکہ اس لغت سے دنیا بھر میں فائدہ اٴْٹھایا جاسکے۔ صدر مملکت نے توقع کا اظہار کیا کہ اردو لغت کی ڈیجیٹل ایپلیکیشن پر قومی زبان کا دل آویز صوتی آہنگ کا بھی جلد اجرا کیا جائے گا تاکہ لفظوں کو سن کر ان کی درست ادائیگی بھی کی جا سکے۔

انھوں نے کہا کہ اردو لغت کا یہ پہلو زبان،بالخصوص اس کے تلفظ کی حفاظت اور اصلاح میں بہت ہی مفید ثابت ہوگا۔صدر مملکت نے کہا کہ زبان کوئی جامد اور ناقابل تغیر شے نہیں۔ انسانی معاشرے کے بدلتے ہوئے تقاضوںکی طرح اس میں بھی وقت کے ساتھ تبدیلیوں کی ضرورت پڑتی ہے۔ انھوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اس لغت میں بدلتے ہوئے زمانے اورجدید تحقیقات و ایجادا ت کے مطابق نئے الفاظ شامل کیے جا سکیں۔

اس موقع پر صدر مملکت نے اردو لغت کے انٹرنیٹ ورڑن کا باقاعدہ اجرا کیا اور متعلقہ اداروں اور عہدے داروں کو مبارکباد دی جنھوں نے انتہائی محنت اور جانفشانی سے یہ فریضہ سر انجام دیا۔ صدر مملکت نے ان لوگوں کوبھی خراج تحسین پیش کیا جنھوں نے اردو کے فروغ کے لیے کام کیا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویڑن عرفان صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اردو لغت پاکستان کی علمی و ادبی تاریخ کا سب سے بڑا خزانہ ہے۔

اس کے اجرا سے قیمتی لغت کی کتابیں خریدنے کے بجائے اب انٹرنیٹ کے ذریعے عام آدمی تک پہنچ جائیں گی۔انھوں نے بتایا کہ ابتدائی درجوں کے بچوں کے لیے لغت اورنابینا افراد کے لیے کمپیوٹر سافٹ ویئر پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ اساتذہ کے کلام کو عام کرنے کیلئے لغت اقبال اور فرہنگ غالب بھی تیار کی جارہی ہیں جبکہ حکومت چین کے تعاون سے اردو چینی لغت پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کتاب دوستی فروغ پارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اکادمی ادبیات کے نئے شہروں میں مزید دفاتر بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خطاطی ہمارا قومی اور اسلامی ورثہ ہے جس کے احیا کے لیے کام کیا گیا ہے اور اب بھی جار ی ہے۔