زینب قتل کیس ، ملزم عمران کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش

عدالت نے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 24 جنوری 2018 16:23

زینب قتل کیس ، ملزم عمران کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2018ء):زینب قتل کیس کے مرکزی ملزم عمران عرف مانا کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق زینب قتل کیس کے ملزم عمران کو سخت سکیورٹی میں بکتر بند گاڑی میں انسداد دہشتگردی کی عدالت لایا گیا۔ انسداد ہشتگردی کی عدالت میں جج سجاد احمد کے روبرو پیش کیا گیا۔ جہاں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج نے غیر متعلقہ افراد کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کی ہدایت کی ۔

کیس کی سماعت میں پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ 20 جنوری کو ہونے والے ڈی این اے ٹیسٹ سے عمران کے ملزم ہونے کی تصدیق ہوئی۔ ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی مثبت آیا۔ ملزم عمران بچوں کو کھانے پینے کی اشیا دے کر ورغلاتا تھا۔ پولیس نے دوران سماعت ملزم سے ابتدائی تفتیش کی رپورٹ کےساتھ پولی گرافک اور ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے مزید تفتیش کے لیے پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

(جاری ہے)

عدالت نے پولیس کی استدعا پر ملزم عمران کو14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ کیس کی مزید سماعت کو 8 فروری تک ملتوی کر دیا گیا۔ عدالت کی جانب سے ریمانڈ حاصل کیے جانے کے بعد ملزم کو سخت سکیورٹی میں واپس لے جایا گیا۔ سفاک ملزم کو 8 فروری کو دوبارہ عدالت کے رو برو پیش کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ پولیس نے ملزم عمران کو گذشتہ روز گرفتار کیا تھا جس کے بعد اسے رات بھر انسداد دہشتگردی سیل میں رکھا گیا۔