سینیٹ کی کمیٹی برائے انسانی حقوق نے کراچی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے لیا

بدھ 24 جنوری 2018 17:02

سینیٹ کی کمیٹی برائے انسانی حقوق نے کراچی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2018ء) سینیٹ کی کمیٹی برائے انسانی حقوق نے کراچی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے لیا۔بدھ کو سینیٹ کمیٹی نے کراچی میں ماورائے عدالت قتل کیے جانے والے نقیب اللہ محسود کے قتل کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔کمیٹی نے کہا کہ کراچی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملات بڑھتے جارہے ہیںاس سلسلے میں کمیٹی 31 جنوری کو کراچی کا دورہ بھی کرے گی۔

یاد رہے کہ جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ نقیب اللہ کو 13 جنوری کو ایس ایس پی راؤ انوار کی جانب سے مبینہ پولیس مقابلے میں قتل کردیا گیا تھا۔پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ شاہ لطیف ٹاؤن کے عثمان خاص خیلی گوٹھ میں مقابلے کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے ہیں جن کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تھا تاہم نقیب اللہ کے کزن نے پولیس کے دعویٰ کی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ وہ بے قصور تھا اور اسے ماڈلنگ کا شوق تھا۔

(جاری ہے)

اس واقعہ کے بعد سوشل میڈیا پر یہ معاملہ اٹھایا گیا، جس کے بعد بلاول بھٹو اور وزیر داخلہ نے نوٹس لیا تھا اور ایک کمیٹی تشکیل دے دی تھی جبکہ بعد ازاں آئی جی سندھ کے راؤ انوار کو معطل کردیا تھا ،ْ معطلی کے بعد راؤ انوار نے تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کیا تھا اور تحفظات کا اظہار کیا تھا تاہم تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے کی گئی تفتیش میں یہ بات ثابت ہوئی تھی کہ نقیب اللہ کو جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک کیا گیا۔دریں اثناء اس ماورائے عدالت قتل کے حوالے سے چیف جسٹس پاکستان نے بھی نوٹس لیا تھا، جس کی سماعت 27 جنوری کو کراچی رجسٹری میں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :