سلیمان لاشاری کے قتل سے متعلق دائر مقدمے کی سماعت وکیل صفائی کی عدم حاضری پر 26 فروری تک ملتوی

بدھ 24 جنوری 2018 16:31

سلیمان لاشاری کے قتل سے متعلق دائر مقدمے کی سماعت وکیل صفائی کی عدم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2018ء) سندھ ہائیکورٹ نے پولیس افسر کے بیٹے سلمان ابڑو اور دیگر کے خلاف شہری سلیمان لاشاری کے قتل سے متعلق دائر مقدمے کی سماعت وکیل صفائی کی عدم حاضری پر 26 فروری تک ملتوی کر دی ۔ سندھ ہائیکورٹ میں جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے پولیس افسر کے بیٹے سلمان ابڑو اور دیگر کے خلاف شہری سلیمان لاشاری کے قتل سے متعلق دائر مقدمے کی سماعت کی ۔

ملزمان کی جانب سے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات کے لیے درخواست دائر کرائی گئی ، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات نکال کر کیس سیشن عدالت منتقل کیا جائے ۔ مقتول کے وکیل کی جانب سے درخواست کی مخالفت کی گئی ۔ وکیل فیصل صدیقی نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے کا ٹرائل مکمل ہونے والا ہے ۔

(جاری ہے)

لہذا مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات نہ نکالی جائیں ۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے درخوست پر ریمارکس دیئے کہ شاہ رخ جتوئی کیس سے دہشت گردی کی دفعات نکالنے کا معاملہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیر سماعت ہے ۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کا فیصلہ آنے کے بعد بہت سارے مقدمات واضح ہوں گے ۔ عدالت نے وکیل صفائی حق نواز تالپور کی عدم حاضری پر سماعت 26 فروری تک ملتوی کر دی ۔ واضح رہے کہ سلیمان لاشاری کا قتل 2014 میں ڈیفنس کے علاقے میں ہوا تھا ۔ قتل کیس میں پولیس افسر کے بیٹے سلما ن ابڑو سمیت پانچ پولیس اہلکار گرفتار ہیں ۔

متعلقہ عنوان :