قومی اسمبلی نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کا اعادہ اوران سے یکجہتی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی

بھارت کی جانب سے بڑھتے ہوئے مظالم پر اپنے جرائم چھپانے کے لئے عالمی میڈیا‘ انسانی حقوق کی تنظیموں اور امدادی اداروں کو کشمیر میں داخلے کی اجازت نہ دینے پر تشویش کا اظہار عالمی برادری بھی کشمیریوں کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے ،ْقرار داد میں مطالبہ

بدھ 24 جنوری 2018 15:52

قومی اسمبلی نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کا اعادہ اوران ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2018ء) قومی اسمبلی نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کا اعادہ اوران سے یکجہتی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے بڑھتے ہوئے مظالم پر اپنے جرائم چھپانے کے لئے عالمی میڈیا‘ انسانی حقوق کی تنظیموں اور امدادی اداروں کو کشمیر میں داخلے کی اجازت نہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ عالمی برادری بھی کشمیریوں کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے قرارداد پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ یہ ایوان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد کی مکمل حمایت کرتا ہے ،ْمقبوضہ جموں و کشمیر میں آٹھ لاکھ فوج کی تعیناتی اور کالے قوانین کی مذمت کرتا ہے جس کے تحت مظفر وانی سمیت ہزاروں لوگوں کو شہید کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

قرارداد میں کہا گیا کہ سید علی گیلانی‘ شبیر احمد شاہ‘ یاسین ملک سمیت دیگر کشمیریوں کو گرفتار کیا جاتا ہے۔ عورتیں‘ بچے اور نوجوان ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔ ہزاروں نوجوان پیلٹ گنوں سے بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔ ہزاروں اجتماعی قبریں دریافت ہوئی ہیں۔ یہ ایوان اس امر پر تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ بین الاقوامی تنظیموں کی رپورٹس کے باوجود بھارتی مظالم بڑھتے جارہے ہیں ،ْریلیف کی تنظیموں اور بین الاقوامی حقوق کونسل کے وفد کو بھی مقبوضہ کشمیر میں داخلہ سے روک دیا گیا ہے۔

یہ ایوان تحریک کے تشخص کو بگاڑنے کے لئے سیز فائر اور کنٹرول لائن پر سول آبادی کو فائرنگ کے ذریعے نشانہ بنانے کی مذمت کرتا ہے۔ یہ ایوان حکومت پاکستان پر زور دیتا ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی سیاسی‘ سفارتی حمایت اور اقدامات کے لئے موثر اقدامات اٹھائے۔ یہ ایوان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت پر ان عالمی ممالک اور اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ عالمی برادری بھی کشمیریوں کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ قومی اسمبلی نے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔