وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون کے باہر رکاوٹیں ہٹانے کیلئے دائر درخواستوں پر فریقین سے جواب طلب

بدھ 24 جنوری 2018 15:06

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون کے باہر رکاوٹیں ہٹانے کیلئے دائر درخواستوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون کے باہر رکاوٹیں ہٹانے کیلئے دائر درخواستوں پر پنجاب حکومت ،آئی جی پنجاب اور دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

عدالت عالیہ کے روبرو درخواستیں ماڈل ٹائون کے مکینوں نوشابہ مدثر سمیت دیگر کی جانب سے دائر کی گئیں جن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ماڈل ٹائون میں وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی رہائشگاہ کے باہر سکیورٹی کے نام پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں ،6 سال سے رکاوٹیں کھڑی ہونے سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ رکاوٹیں لگانے سے ماڈل ٹائون نو گو ایریا بنا ہوا ہے ۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ پنجاب حکومت کو ماڈل ٹائون سے رکاوٹیں ہٹانے کا احکامات صادر کیے جائیں ۔ جس پر فاضل عدالت نے پنجاب حکومت ، آئی جی پنجاب اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔