افغانستان میں بچوں کی این جی او کے دفتر پر کار بم حملہ،

11افراد زخمی،طالبان کا حملے سے لاتعلقی کا اظہار جلال آباد میں خودکش حملہ آور نے سیو دی چلڈرن نامی این جی او کے دروازے پر کار بم دھماکے سے اڑادیجس کے بعد مسلح افراد این جی او کے دفتر میں گھس گئے،ترجمان صوبائی گورنر

بدھ 24 جنوری 2018 14:46

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2018ء) افغانستان کے شہر جلال آباد میں بچوں کی تنظیم کے دفتر پر کاربم حملے میں 11افرادزخمی ہوگئے ۔ افغان میڈیا کے مطابق ننگر ہار صوبے کے جلال آباد شہر میں خودکش حملہ آور نے سیو دی چلڈرن نامی این جی او کے دروازے پر کار بم دھماکے سے اڑادی۔دھماکے کے بعد مسلح افراد این جی او کے دفتر میں گھس گئے جس کے بعد سے افغان سیکیوریٹی فورسزاور حملہ آوروں کے درمیان دوبدو لڑائی شروع ہوگئی ۔

(جاری ہے)

سیکورٹی حکام کاکہنا ہے کہ دو حملہ آوروں کو ہلا کردیا گیا ہے ۔گورنر ننگر ہار کے ترجمان عطا اللہ خوگیانی نے بتایا کہ اب تک 11افراد اسپتال میں داخل کروائے گئے ہیں۔دوسری جانب طالبان نے جلال آباد میں غیر ملکی این جی او کے دفتر پر حملے سے اظہار لاتعلقی کیا ہے ۔گروپ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں این جی او کے دفتر پر حملے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حملے سے طالبان کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔واضح رہے کہ یہ دھماکہ طالبان کی جانب سے فائیو اسٹار ہوٹل پر حملے کے چنددنوں کے بعد ہواہے جس میں 22غیرملکی مارے گئے تھے۔