احتساب عدالت نے ہجویری ٹرسٹ کے اکاؤنٹس بحال کر نے کا حکم دے دیا

بدھ 24 جنوری 2018 13:45

احتساب عدالت نے ہجویری ٹرسٹ کے اکاؤنٹس بحال کر نے کا حکم دے دیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2018ء) احتساب عدالت نے ہجویری ٹرسٹ کے اکاؤنٹس کو بحال کر نے کا حکم دیتے ہوئے مذید سماعت 31جنوری تک ملتوی کر دی ہے ۔عدالت نے حکم دیا ہے کہ ویلفئیر کے منصوبوں پر رقم خرچ کی جا سکتی ہے ۔بدھ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ہجویری ٹرسٹ کے اکاونٹ کھولنے کے لئے دائر درخواست کی سماعت کی تو اس موقع پر سینٹر اسحاق ڈار کے وکیل قاضی مصباح نے دلائل دیئے کہ ہجویری ٹرسٹ یتیموں کا ادارہ ہے جہاں سینکڑوں بچے زیر کفالت ہیںجب سے یہ کیس بنا ہے اکاونٹ غیر فعال ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہجویری فاؤنڈیشن ایک سے زیادہ منصوبے چلارہی ہے اور 5 سے 6کروڑ روپے مختلف ہسپتالوں کو ڈائیلاسز کیلئے دیئے جارہے ہیں۔سینیٹر اسحاق ڈار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہجویری فاؤنڈیشن ہی ہجویر ی ٹرسٹ کو فنڈز دیتا ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر اسحاق ڈار کے وکیل نے کہا کہ3سال کے اخراجات کے حوالے سے دستاویزات جمع کرادی ہیں۔درخواست گزارکے وکیل نے مؤقف اخیتار کیا کہ اکاؤنٹس نہ کھلے تو بچے سڑک پر آ جائیں گے ۔

درخواست گزار کے وکیل نے پراسیکیوٹر نیب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ چاہتے ہیں ہم وہاں مقیم یتیم بچیوں کی شادیاں اور تعلیم روک دیں تو نیب کے پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ نیک نیتی سے چاہتے ہیں آپ کا مسئلہ حل ہو۔ سینیٹر اسحاق ڈار کے وکیل نے مزید بتایا کہ بچوں کی کفالت کے لئے ماہانہ آٹھ سے دس لاکھ درکار ہوتے ہیں۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے احتساب عدالت میں ہجویری فاؤنڈیشن اور ہجویری ٹرسٹ کے حوالے سے جواب جمع کراتے ہوئے عدالت کو بچوں کی کفالت کے لیے مناسب انتظامات کرنے کی استدعا کی ہے ۔

عدالت میں جمع کرائے گئے نیب کے جواب کے مطابق تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ٹرسٹ سال 2000ء میں سینٹر اسحاق ڈار نے بنایا،2000ء سے اب تک ٹرسٹ کی فنڈنگ اسحاق ڈار اور ان کی فیملی کر رہی ہے،جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں اپنی رپورٹ میں بھی لکھا کہ اسحاق ڈار کی فنڈنگ کی 86 ملین کی بڑی رقم ہجویری فاؤنڈیشن اور ہجوہری ٹرسٹ کو گئی ہے ۔نیب نے موقف اختیار کیا کہ یہ بھی دیکھنے میں آیا کہ ان فنڈنگز سے اسحاق ڈار کو ٹیکس سے چھوٹ ملی ہے ۔

نیب کے جواب میں عدالت کو بتایا گیا ہے کہ یہ حقیقت ہے کہ ٹرسٹ میں 92 بچے زیر کفالت ہیں لیکن ٹرسٹ کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں، عدالت سے درخواست ہے کہ یتیم بچوں کا مستقبل محفوظ کرنے کے لیے مناسب انتظام کیا جائے ۔نیب نے عدالت کو درخواست دی ہے کہ عدالت کی نگرانی میں اخراجات کیے جائیں تو بچوں کی کفالت پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔عدالت نے ہجویری ٹرسٹ کے اکاؤنٹس کو بحال کر نے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 31جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔