درندگی کا نشانہ بننے والی قصور کی کائنات بتول، ڈاکٹرز رپورٹ سے ہی مُکر گئے

ڈاکٹرز نے ہمیں آج تک نہیں بتایا کہ کائنات کو ہوا کیا ہے ۔ والد کا بیان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 24 جنوری 2018 13:02

درندگی کا نشانہ بننے والی قصور کی کائنات بتول، ڈاکٹرز رپورٹ سے ہی مُکر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2018ء): قصور میں درندگی کا نشانہ بننے والی کائنات بتول تاحال اسپتال میں زیر علاج اور انصاف کی منتظر ہے۔ معروف صحافی مبشر لقمان نے کائنات بتول کے والد اور ڈاکٹر سے بات کی تو معلوم ہوا کہ ڈاکٹرز اپنی بنائی ہوئی رپورٹ سے ہی مُکر گئے ہیں۔ جبکہ کائنات کے والد نے بتایا کہ انہیں ابھی تک یہ بتایا ہی نہیں گیا کہ ان کی بیٹی کو ہوا کیا ہے؟ نجی ٹی وی چینل پر اپنے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی مبشر لقمان کا کہنا تھا کہ جب میں نے چلڈرن اسپتال میں زیر علاج کائنات بتول کے ڈاکٹر سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ہم کائنات کی حالت کی وجہ معلوم نہیں کر سکے۔

جس پر ہم نے خیال کیا کہ یہ شاید زہر دینے کا کیس ہے اور اس پر ہم نے ابتدائی طبی امداد دی اور چونکہ ابتدائی طور ہر جنسی زیادتی کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

(جاری ہے)

مبشر لقمان نے بتایا کہ ڈاکٹر اپنے بیان سے مُکر گئے لیکن ہم نے کائنات کی ڈسچارج سلپ بھی حاصل کر لی اور حیرت انگیر طور پر ڈسچارج سلپ پر کئیر آف چائلڈ ایبیوز لکھا گیا تھا۔ چلڈرن اسپتال میں پنجاب حکومت کا سخت پہرہ ہے اور انہوں نے کھرا سچ کی ٹیم کو روکنے کی بھی کوشش کی لیکن عوام کی محبت کی وجہ سے کوئی ہمیں روک نہیں سکتا۔

ڈاکٹر نے بتایا کہ کچھ دنوں کے بعد سینے میں انفکشن کی شکایت پر کائنات کو دوبارہ اسپتال لایا گیا جس پر ہمیں اسے داخل کرنا پڑا۔ تشکیل دئے جانے والے میڈیکل بورڈ پر عیاں ہوا کہ کائنات کو کوئی زہر آلود مواد دیا گیا ہے جس سے اس کی یہ حالت ہوئی، ڈاکٹر مبشر لقمان سے بات کرتے ہوئے اپنی رپورٹ اور ڈسچارج پیپر پر لکھی بیماری سے بھی مُکر گئے۔

کائنات بتول کے والد نے بتایا کہ کائنات 13 نومبر سے چلڈرن اسپتال میں زیر علاج ہے ، پہلے وہ کومہ میں تھی لیکن اب کومہ سے باہر ہے البتہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں موجود ہے۔ کائنات بتول کے والد نے ڈاکٹر کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے تو ڈاکٹرز نے میری بیٹی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے تاثر کو مسترد کر دیا ، جس کے بعد اب تک مجھے یہی نہیں بتایا گیا کہ میری بیٹی کو ہوا کیا ہے۔ مبشر لقمان سے بات کرتے ہوئے کائنات بتول کے والد اور ڈاکٹر نے مزید کیا کہا آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: