سعودی عرب ، جدہ کے نجی اسپتال میں آتشزدگی

Sadia Abbas سعدیہ عباس بدھ 24 جنوری 2018 11:52

سعودی عرب ، جدہ کے نجی اسپتال میں آتشزدگی
جدہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 24جنوری2018ء) مقامی ذرائع کے مطابق سعودی محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کرنل سعید سرحان نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے  کہ شہر کے جنوب مشرقی علاقے کے نجی اسپتال میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ۔ آتشزدگی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔ آگ شہر کے جنوب مشرقی علاقے امیر فواز ہاﺅسنگ سوسائٹی میں قائم اسپتال کی چھت پر بنے کمرے میں لگی ۔

عمارت میں دھواں بھر جانے سے وہاں موجود مریضوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔

(جاری ہے)

کرنل سرحان نے مزید بتایا کہ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی محکمہ شہری دفاع کے متعدد یونٹس جائے حادثہ پر پہنچ گئے جنہوں نے سب سے پہلے اسپتال میں داخل زیر علاج مریضوں کو بحفاظت نکالا جبکہ یونٹ کے دیگر کارکنوں نے آگ پر قابو پانے کی کارروائی شروع کی ۔ عمارت میں دھوئیں کو نکالنے کےلئے اہلکاروں نے ایگزاسسٹ فین استعمال کئے جس سے کافی سہولت ہوئی ۔ شہری دفاع کے ترجمان نے مزید کہا کہ آتشزدگی میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی اور نہ ہی جانی نقصان ہوا ۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں ۔