غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سپریم کو رٹ کے احکامات کی روشنی میں تیسرے روز بھی عمارتوں کے نقشہ جات اور دیگر کاغذات کی جانچ پڑتال جاری

منگل 23 جنوری 2018 23:40

مری ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سپریم کو رٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں تیسرے روز بھی عمارتوں کے نقشہ جات اور دیگر کاغذات کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر مری عارف اللہ خان نے موقع پر نقشوںکے مطابق تعمیر مکمل ہونے عمارات کی مضبوطی کی رپورٹیں بھی دیکھیں۔اے سی مری نے متاثرہ مالکان کو پورا موقع دئیے جانے اوران کا موقف خندہ پیشانی سے سنا۔

اس موقع پر اے سی مری نے کہا کہ بلاامتیاز اور بائی لاز کے تحت تمام رپورٹیں تیار کی جارہی ہیں اور ہرممکن مفصل اور زمینی حقائق پر مبنی رپورٹ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق تیا رکی جارہی ہے تمام ہوٹل مالکان اور دیگر عمارتوں کے مالکان کو سات دن کے نوٹس بھی جاری کردئیے گئے ہیں تاکہ اپنے کاغذات ان کو پیش کریں۔

(جاری ہے)

غیر قانونی عمارتوں کے حوالے سے کئے گئے سروے اور نقشہ جات کی جا نچ پڑتال رات گئے تک جا ری اب تک 80 کے قریب ہوٹلوں اوردیگر تعمیرات کی جا نچ پڑتال کی جا چکی ہے۔

پنجاب حکومت اور میونسپل کارپوریشن مری اس سلسلہ میں تمام اقدامات کرنے کے لیے مکمل طورپرتیا ر ہے جسکے احکامات سپریم کورٹ آف پاکستان نے دئیے ہیں جبکہ مختلف آپشن بھی زیر غور ہیں،ادھر بعض متاثرین اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے نامزد آرکیٹکس سے عمارتوں کی مضبوطی رپورٹ طلب کرنے سے کرپشن کا ایک نیا کام شروع ہوگیا ہے انہوں نے کہا کہ کسی بھی حکومت کی منظور شدی رجسٹرڈ کمپنی سے مضبوطی رپورٹس بنوائی جائیں انہوں نے کہا کہ ماضی میں کرپشن کرکے عمارتیں تعمیرکروانے والے ایم ایم سی کے اہلکاروں نے مال بنانے کا ایک اور راستہ نکال لیا ہے ،اہل علاقہ نے کہا ہے کہ 2008 میں ویوفورتھ روڈ پر گرائی جانے والی الامین اپارٹمنٹس کی عمارت کے کھنڈرات مری کے حسن کو داغدار کررہے اس لئے ضروری ہے کہ گرائی جانی والی عمارتوں کے ملبے کو بھی فوری طور پر ٹھکانے لگایا جائے کیونکہ مری کی سڑکیں پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے انتہائی تنگ ہیں ،ذرائع نے بتایا ہے کہ عمارتوں کی تیار ہونے والی فہرستیں اعلیٰ حکام کو ارسال کی جائیںگی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھی اس سلسلے میں بریف کیا جائیگا اور اعلیٰ حکام کی منظوری کے بعدیہ سروے رپورٹ کی فہرستیںسپریم کو رٹ آف پاکستان میں جمع کرا ئی جائیں گی ان کی جانچ پڑتال کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان ضروری احکامات جاری کرینگے جس پر فوری عملدرآمد کیا جائیگا،مری کے شہریوں نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ مری میں بہت سی عمارتیں انتہائی پرانی ،مخدوش،لٹکی ہوئی خطرناک ہیں جن کے مالکان کو بھی عمارتیں تعمیر کرنے کی اجازت دی جانی انتہائی ضروری ہے تاکہ کسی بھی جانی ومالی نقصان سے بچاجاسکے۔