اضافہ شدہ

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے زیورخ پہنچ گئے،کئی اہم تقریبات میں شرکت اور عالمی رہنمائوں سمیت امریکا، یورپ، چین اور جاپان کی15 ممتاز ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے،وال سٹریٹ جرنل، نکی/ ایف ٹی گروپ ، واشنگٹن پوسٹ ، سی این این اور رائٹر سمیت بڑے بین الاقوامی میڈیا اداروں کو انٹرویوز بھی دیں گے

منگل 23 جنوری 2018 23:21

زیورخ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سوئٹزرلینڈ میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے زیورخ پہنچ گئے۔ زیورخ ایئر پورٹ پہنچنے پر سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے سفیر احمد نسیم وڑائچ اور سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کو اس دورے کی دعوت عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین پروفیسر کلاس شواب نے دی ہے۔

عالمی اقتصادی فورم کا سالانہ اجلاس 24 اور 25 جنوری کو ڈیووس۔کلوسٹرز، سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہو رہا ہے۔ وزیراعظم اپنے اس دورے میں کئی اہم تقریبات میں شرکت کریں گے اور عالمی رہنمائوں سمیت امریکا، یورپ، چین اور جاپان کی15 ممتاز ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عالمی اقتصادی رہنمائوں کے غیر رسمی گروپ کی خصوصی نشست میں سربراہان مملکت و حکومت سے بھی ملیں گے۔

وہ 24جنوری کو ’’بیلٹ اینڈ روڈ کے اثرات‘‘ کے موضوع پر عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی وال سٹریٹ جرنل، نکی/ ایف ٹی گروپ ، واشنگٹن پوسٹ ، سی این این اور رائٹر سمیت بڑے بین الاقوامی میڈیا اداروں کو انٹرویوز بھی دیں گے۔ عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں وزیراعظم کی شرکت کاروبار ، سرمایہ کاری اور تجارت کے لئے پاکستان کو ایک اہم مقام کے طورپر اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرے گی اور پاکستان کی ترقی کرتی ہوئی معیشت کو نمایاں کیا جا سکے گا۔ یہ غیر رسمی نشستوں میں کئی عالمی رہنمائوں سے ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کا اہم موقع بھی ہو گا۔