انصاف کی جلد فراہمی کو ممکن بنانے کیلئے تمام کوششیںبروئے کار لائی جائیں،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری انوار احمد خان کی ماتحت ججوں کو ہدایت

منگل 23 جنوری 2018 23:21

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری انوار احمد خان نے منگل کے روز تمام جج صاحبان کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جلد از جلد انصاف کی فراہمی کو ممکن بنانے کیلئے تمام کوششیںبروئے کار لائی جائیں۔ وہ ضلع بھر کے جج صاحبان کی ماہانہ میٹنگ میں خطاب کررہے تھے۔ سیشن جج نے مزید ہدایت کی کہ سال 2012سے پہلے والے جائیداد کی تقسیم کے تمام مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر کے ان کو جلد از جلد نبٹایا جائے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے فیملی ، کرایہ دار اور دیگر چھوٹے مقدمات کا جلد از جلد فیصلہ کرنے اور بزرگ شہریوں سے متعلق مقدمات پر خصوصی طور پر جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔سیشن جج نے تمام جج صاحبان کو تاکید کی کہ وہ سائلین کو اپنے مقدمات مصالحتی سنٹر میں بھیجوانے کیلئے قائل کریں تاکہ سائلین اور عدالتوں کے قیمتی وقت کو بچایا جا سکے۔ سیشن جج نے تمام جوڈیشل افسران کو ہدایت کی کہ اپنے ماتحت عملہ باشمول نائب کورٹس پر خصوصی نظررکھیں تاکہ بدعنوانی کا سد باب کیا جا سکے۔اس موقع پر پچھلے چار ماہ کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے سینئر سول جج عباس رسول وڑائچ اور جج علی حسن کو تعریفی اسناد دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :