چیئرمین بلدیہ چکوال چوہدری سجاد احمد خان کا ماڈل بازار کا دورہ

منگل 23 جنوری 2018 23:20

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) چیئرمین بلدیہ چکوال چوہدری سجاد احمد خان نے منگل کے روز کونسلر چوہدری خان بہادر ،کونسلر عامر زیدی،صحت و صفائی کے کنوینئر کونسلر ملک غلام حر،کونسلر ڈاکٹر حامد اور بلدیہ کے دیگر عملہ کے ہمراہ چکوال کے ماڈل بازار کا دورہ کیا۔چیئرمین جب ماڈل بازار پہنچے تو انجینئر محمد وقار حسن اور ملک ذیشان حیدر منیجر منجیمنٹ کمیٹی ماڈل بازار نے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ بازار میں 120کیبن مکمل ہونے کے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں اور یہاں بجلی ،پارکنگ،انٹری،صفائی،سیکورٹی سمیت تمام سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔جبکہ چوہدری سجاد احمد خان نے میڈیا کو بتایا کہ خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف جلد ہی ماڈل بازار کا معائنہ کرینگے اور اپنے دورہ چکوال کے موقع پر گورنمنٹ گرلز نیو کالج کا افتتاح اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال کے نیو بلاک کا بھی افتتاح کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذکورہ بازار پنجاب بھر کے ماڈل بازاروں میں اپنی منفرد حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کیبن حاصل کرنے کے لیے تقریبا 2000سے زائد درخواستیں وصول ہو چکی ہیں۔اور ان درخواستوں پر میرٹ پر فیصلہ کیا جائیگا۔چوہدری سجاد احمد خان نے مزید بتایا کہ اس ماڈل بازار پر 7کروڑ75لاکھ روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی ہے۔اور اس بازار کے فنکشنل ہونے سے لوگوں کو کاروبار کے سنہری مواقع فراہم ہونگے اور بالخصوص خواتین کو اشیاء ضروریہ خریدنے میں کسی دشواری کا سامنہ نہیں کرنا پڑیگا۔انہوں نے کہا کہ ماڈل بازار میں CCTVکیمرے نصب کیے گئے ہیں اور خوبصورت مسجد اور واٹر کولر بھی نصب کیے جا چکے ہیں۔