شہریوں کو بہتر میونسپل سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،وزیراعلیٰ پرویزخٹک

منگل 23 جنوری 2018 23:32

شہریوں کو بہتر میونسپل سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ شہریوں کو بہتر میونسپل سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں دوست ممالک کے مالی اور فنی تعاون کا کھلے دل سے خیر مقدم کیا جائے گا انہوں نے پشاور اور مردان کی واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنیوں کی مضبوطی کیلئے گرانقدر مالی تعاون پر سوئٹزرلینڈ کی حکومت اور ڈونر ادارے ایس ڈی سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے کسی ادارے کو براہ راست غیرملکی معاونت کی یہ پہلی مثال ہے جو صوبائی حکومت اور ڈبلیو ایس ایس پی کی کارکردگی پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح اعتراف ہے وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں سوئس حکومت کے ڈونر ادارے ایس ڈی سی اور صوبائی محکمہ بلدیات کے مابین مالی معاونت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے تقریب میں ایس ڈی سی کی کنٹری ڈائریکٹر سٹیفنی بری، سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ، وزیر تعلیم محمد عاطف خان، ضلع ناظم پشاور ارباب محمد عاصم، سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ، ڈبلیو ایس ایس پی پشاور کے چیف ایگزیکٹیو انجینئر خانزیب، ڈبلیو ایس ایس پی مردان کے چیف ایگزیکٹیو ناصر غفور خان، لوکل کونسل بورڈ کے چیئرمین شوکت علی، ممبران حاجی محمد جاوید، ڈاکٹر اقبال خلیل، ڈاکٹر خورشید اور دیگر بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی معاہدے کے تحت ایس ڈی سی محکمہ بلدیات کے دو میونسپل اداروں کو 32 کروڑ روپے کی گرانٹ دے گا جس میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی پشاور کو 17 کروڑ جبکہ مردان کو 15 کروڑ روپے دئیے جائیں گے جن سے یہ کمپنیاں اپنے متعلقہ شہروں میں آئندہ 30 سال کی شہری ضروریات پر مبنی ٹائون پلاننگ، میونسپل سرگرمیوں میں مقامی کمیونٹی کی شمولیت اور احساس ملکیت کا شعور اُجاگر کرنے کیلئے آگہی مہم، کمپنیوں کی کمپیوٹرائزیشن اور عملے و بلدیاتی نمائندوں کی استعداد میں اضافے کے اہداف پورے کئے جائینگے اس موقع پر وزیراعلیٰ نے گرانٹ کے شفاف اور منصفانہ خرچ کو یقینی بنانے کیلئے سیکرٹری بلدیات کی سربراہی میں سٹیرنگ کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی پرویز خٹک نے کہا کہ میونسپل خدمات خاص طور پر پانی اور صفائی کا انسانی صحت اور بقاء سے براہ راست تعلق ہے۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت تبدیلی کے ایجنڈے کے تحت واٹر اینڈ سینٹیشن کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ابتدائی طور پر پشاور میں واٹر اینڈ سنیٹیشن سروسز کمپنی قائم کی گئی تھی۔کمپنی کے مثبت نتائج کو دیکھتے ہوئے بعدازاں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں بھی آزاد اور خود مختار بورڈز کے تحت کمپنیاں قائم کی گئی ہیں۔2014 تک پشاو رمیں واٹر اینڈ سنیٹیشن کی خدمات 7 مختلف ادارے فراہم کر رہے تھے، جس پر وسائل زیادہ خرچ ہوتے رہے۔

اکثر اوقات دوہری سرگرمیاں بھی سامنے آجاتی تھیں۔ اگر کوئی مسئلہ درپیش ہوتا تو ذمہ داری کا صحیح تعین بھی ممکن نہیں تھا جس کی وجہ سے عوامی مسائل جوں کے توں رہتے۔ موجودہ حکومت نے تمام 7 اداروں سے پانی اور صفائی کی خدمات لے کر ڈبلیو ایس ایس پی کے حوالے کر دیں جس کے بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ البتہ اس شعبے کی انسانی صحت کیلئے اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے خدمات میں مزید بہتری لانے کی ضرورت پھر بھی موجود تھی۔

وزیراعلیٰ نے دونوں میونسپل ادارو ں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنے متعین اہداف کے علاوہ معاہدے کے تمام نکات پر عمل یقینی بنائیں بنیادی طور پر معاہدے کا مقصد دونوں شہروںکے لئے پانی وصفائی کے مربوط ماسٹر پلان بنانا، محاصل میں اضافہ بذریعہ صارفین سروے، سٹیزن لیزان سیل کا قیام، ڈبلیو ایس ایس پی کی کارکردگی بہتر بنانا ، عملے و ناظمین کا استعدادکار بڑھانا،علم وآگاہی میں اضافہ، تحقیق، فزیبلٹی، جدت پسندی، آئی ٹی کے ذریعے صارفین کی انتظام کاری اور شہری مسائل کا پائیدار حل ہے پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت کے اقدامات کا مثبت نتیجہ یہ بھی ہے کہ شہروں کے ساتھ ساتھ دیہات میں بھی پانی اور صفائی پر بھر پور توجہ دی گئی ہے۔

اس مقصد کیلئے بلدیاتی اداروں کے بجٹ میں خطیر رقم رکھی گئی ہے۔ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں،جو صفائی کے حوالے سے حکومتی اہداف کو حاصل کرنے والے دیہات کی سرٹیفکیشن کریں گی۔ مطلوبہ اہداف کے حصول کے لئے میونسپل ملازمین اور بلدیاتی نمائندوں کوپوری تندہی سے دن رات محنت کرنا ہوگی۔