وزیر اعلی بلوچستان کی زیر صدارت سی پیک سے متعلق اجلاس

بلوچستان کے منصوبوں ، گوادر کی مجموعی ترقی اور اس حوالے سے ضروری قانون سازی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ کو فوری طور پر فعال اور متحرک بنانے ،پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی پالیسی کو کابینہ کے اجلاس میں پیش کر کے منظوری دینے ،خصوصی معاشی زونز کے قیام کے منصوبے پر بھرپور عملدرآمد کے لئے اتھارٹی کے قیام ، سی پیک کے منصوبوں کی پیش رفت تیز کرنے اور نگرانی کے عمل کے لئے ایک خود مختار ادارے کے قیام کا فیصلہ بدقسمتی سے سی پیک کی صورت میں ترقی کے روشن امکانات سے فائدہ اٹھانے اور سی پیک سے متعلق منصوبوں کی تیاری کو سنجیدگی سے نہیں لیاگیا، ہم پہلے ہی سے بہت وقت ضیائع کرچکے ہیں اور وقت کے مزید ضیاع کے متحمل نہیں ہوسکتے، وزیر اعلی کا اجلاس سے خطاب

منگل 23 جنوری 2018 23:28

وزیر اعلی بلوچستان کی زیر صدارت سی پیک سے متعلق اجلاس
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جنوری2018ء) وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجوکی زیر صدارت سی پیک سے متعلق بلوچستان کے منصوبوں ، گوادر کی مجموعی ترقی اور اس حوالے سے ضروری قانون سازی سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لئے ایک اہم اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ تقریبا پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں سی پیک میں شامل بلوچستان کے 18منصوبوں اور وفاقی اور صوبائی ترقیاتی پروگرام میں شامل گوادر کی ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں کی اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں شریک متعلقہ محکموں اور اداروں کی جانب سے اجلاس کو تفصیلی بریفینگ دی گئی جبکہ منصوبوں کی پیش رفت کو تیز کرنے نگرانی کے عمل اور گوادر کی مقامی آبادی کے بنیادی سیاسی حقوق کے تحفظ کے لئے ضروری قانون سازی کے علاوہ آئینی تحفظ کے حوالے سے وفاقی حکومت کی معاونت کے حصول سمیت کئی ایک اہم فیصلے کئے گئے اور محکمہ قانون ، محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کے آغاز کی ہدایت کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سی پیک کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ کو فوری طور پر فعال اور متحرک بنانے ،پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی پالیسی کو کابینہ کے اجلاس میں پیش کر کے منظوری دینے ،خصوصی معاشی زونز کے قیام کے منصوبے پر بھرپور عملدرآمد کے لئے اتھارٹی کے قیام ، سی پیک کے منصوبوں کی پیش رفت تیز کرنے اور نگرانی کے عمل کے لئے ایک خود مختار ادارے کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں گوادر میں سرمایہ کاری ، صنعت کاری اور دیگر امور میں مقامی لوگوں کی شراکت داری اور علاقے کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقعوں میں ترجیح دینے کو یقینی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ بدقسمتی سے سی پیک کی صورت میں ترقی کے روشن امکانات سے فائدہ اٹھانے اور سی پیک سے متعلق منصوبوں کی تیاری کو سنجیدگی سے نہیں لیاگیا تاہم ہم اب اس تاخیر کے ازالے کی کوشش کریں گے اور متعلقہ شعبوں میں ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اداروں کی استعداد کار میں بھی اضافہ کیا جائیگا۔

وزیر اعلی نے کہا کہ ہم پہلے ہی سے بہت وقت ضیائع کرچکے ہیں اور وقت کے مزید ضیاع کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کو روڈ میپ دے دیا گیا ہے اب یہ ان کی ذمہ داری کے وہ ان منصوبوں کو فاسٹ ٹریک میں چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک اور گوادر کے منصوبوں سے متعلق تمام امور کو غیر سیاسی بنایا جائیگا اور ترقی کے ان شاندار مواقعوں سے بھرپور استفادہ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔

اجلاس میں صوبائی وزرا میر ہاصم کرد گیلو، سید رضا آغا، وزیر اعلی کے مشیر ، اراکین اسمبلی ، میر حمل کلمتی انجینئرزمرک خان اچکزئی ، مفتی گلاب ، سابق صوبائی وزیرسید احسان شاہ، چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات نصیب اللہ بازئی ، چیئرمین جی پی اے، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری قانون، سیکرٹری مواصلات، ڈی جی جی ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :