Live Updates

قصور کی ننھی زینب کے قاتل درندے کوڈی این اے میچ ہونے پر گرفتار کر لیا گیا ہے، پولی گرافک ٹیسٹ میں بھی عمران نے سیاہ کاریوں کا اعتراف کیا ہے، میرا بس چلے تو اس بھیڑیئے کو چوک پر لٹکا کر پھانسی دی جائے لیکن ہم سب قانون کے تابع ہیں،

ملزم کو سزا دینے کیلئے قانون میں بھی تبدیلی کرنی پڑے تو کرنی ہو گی، درندے کیخلاف کیس انسداد دہشت گردی عدالت میں جائے گا جس میں قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے‘ جب تک ملزم کیفر کردار تک نہیں پہنچتا ہم ایک لمحے کیلئے بھی چین سے نہیں بیٹھیں گے‘ دیگر 7بچیوں کے ساتھ درندگی کا ملزم بھی یہی ہے ان فیملیوں کو بھی انصاف ملے گا،جلد انصاف کیلئے میکنزم بنائیں گے اس کے لئے کمیٹی تشکیل دے کر خود نگرانی کروں گا وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی پریس کانفرنس

منگل 23 جنوری 2018 23:15

قصور کی ننھی زینب کے قاتل درندے کوڈی این اے میچ ہونے پر گرفتار کر لیا ..
لاہور۔23جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قصور کی ننھی زینب کے قاتل درندے کوڈی این اے میچ ہونے پر گرفتار کر لیا گیا ہے، پولی گرافک ٹیسٹ میں بھی ملزم عمران نے سیاہ کاریوں کا اعتراف کیا ہے،میرا بس چلے تو اس بھیڑیئے کو چوک پر لٹکا کر پھانسی دی جائے لیکن ہم سب قانون کے تابع ہیں تاہم ملزم کو سزا دینے کیلئے قانون میں بھی تبدیلی کرنی پڑے تو ہمیں کرنی ہو گی، درندے کیخلاف کیس انسداد دہشت گردی عدالت میں جائے گا جس میں قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے‘ جب تک یہ ملزم کیفر کردار تک نہیں پہنچتا ہم ایک لمحے کیلئے بھی چین نہیں بیٹھیں گے‘دیگر 7بچیوں کے ساتھ درندگی کا ملزم بھی یہی ہے ان فیملیوں کو بھی انصاف ملے گا،جلد انصاف کیلئے میکنزم بنائیں گے اسکے لئے کمیٹی تشکیل دے کر خود نگرانی کروں گا،ملزم تک پہنچنے میں کاوش پر آرمی چیف،کابینہ کمیٹی، انٹیلی جنس ایجنسیز،پنجاب فرانزک لیب ،وزراء اورقانون نافذ کرنیوالے اداروں کا شکر گزار ہوں۔

(جاری ہے)

وہ منگل کے روز ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ،آئی جی پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز سمیت جے آئی ٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ زینب کیس میں 14 دن کی شبانہ روز محنت رنگ لائی، جے آئی ٹی نے قصور میں دن رات کام کیا‘ کیس میں پنجاب فرانزک لیب نے بھی بے پناہ مدد کی جس کے نتیجہ میں قاتل درندے کو گرفتار کرلیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ عمران نامی ملزم قصور کا رہنے والا ہے اور وہ سیریل کلر ہے‘ اس کیس میں 1150 افراد کی ڈی این اے پروفائلنگ کرائی گئی جس میں یہ درندہ عمران شامل تھا‘ پولی گرافک ٹیسٹ میں بھی عمران نے تمام سیاہ کاریوں کا اعتراف کیا‘ جب ڈی این اے میچ کر گیا تو پھر پولی گرافک ٹیسٹ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کم سن بچی زینب کو تو واپس نہیں لاسکتا لیکن یہ وعدہ کیا تھا کہ مجرم درندے کو گرفتار کرائوں گا‘ اس کا پہلامرحلہ گرفتاری کا مکمل ہو گیا ہے‘ اب اس کو کیفر کردار تک پہنچنے کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گا‘ میرا بس چلے تو اس بھیڑیئے کو چوک پر لٹکا کر پھانسی دی جائے لیکن ہم سب قانون کے تابع ہیں‘ اس درندے کیخلاف کیس انسداد دہشت گردی عدالت میں جائے گا جس میں قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے‘ اس طرح کے واقعات ماضی میں بھی ہوئے‘ اس روک تھام کیلئے یہ معاملہ انتہائی ہم ہے‘ اس کیلئے ہمیں قانون میں بھی تبدیلی کرنی پڑے تو کرنی ہوگی‘ ننھی زینب پھول کی مانند تھی جسے کچل دیا گیا‘ اس کے قاتل کو بھی کچل دینا چاہئے جس سے درندگی میں کمی آئیگی‘ انہوں نے کہا کہ سو فیصد گارنٹی ہے کہ زینب کا قاتل درندہ عمران ہی ہے‘ انہوں نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ درندے کیخلاف عدالت کو تمام ثبوت فراہم کرینگے‘ سیاسی و مذہبی اکابرین سے اپیل کی کہ خدارا ایسے نازک معاملات پر سیاست سے گریز کریں‘ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کے پی کے کی حکومت کی طرف سے مردان میں قتل ہونے والی عاصمہ کے کیس میں تعاون کیلئے رابطہ کیا گیا ہے،یقین دلاتا ہوں جس طرح زینب قوم کی بیٹی ہے اسی طرح عاصمہ بھی قوم کی بیٹی ہے،پنجاب حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کیا جائے گا، اس موقع پر معصوم زینب کے والد امین انصاری نے بھی بچی کے قاتل کی گرفتاری میں تعاون پر سب کا شکریہ ادا کیا۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات