شریف برادران اپنے آپ کو بادشاہ سلامت سمجھتے ہیں، عدالتیں مرضی کا انصاف کریں تو صحیح ورنہ غلط ہیں‘ قمر زمان کائرہ

متحدہ اپوزیشن کوئی سیاسی اتحاد نہیں، ہم طاہر القادری کے ساتھ صرف سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کو انصاف دلانے کیلئے ہیں ‘ میڈیا سے گفتگو قصور واقعہ کے ملزم کو پولیس مقابلے میں قتل نہ کیا جائے ،جتنی بار بچیوں سے زیادتی اور قتل کیا اتنی ہی بار اسے سزائے موت دی جائے‘ چوہدری منظور

منگل 23 جنوری 2018 22:22

شریف برادران اپنے آپ کو بادشاہ سلامت سمجھتے ہیں، عدالتیں مرضی کا انصاف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ شریف برادران اپنے آپ کو بادشاہ سلامت سمجھتے ہیں، عدالتیں مرضی کا انصاف کریں تو صحیح ورنہ غلط ہیں،متحدہ اپوزیشن کوئی سیاسی اتحاد نہیں، ہم طاہر القادری کے ساتھ صرف سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کو انصاف دلانے کیلئے ہیں جبکہ چوہدری منظور نے کہا کہ قصور واقعہ کے ملزم کو پولیس مقابلے میں قتل نہ کیا جائے بلکہ ملزم نے جتنی بار بچیوں سے زیادتی اور قتل کیا اتنی ہی بار اسے سزائے موت دی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اور لاہور کی تنظیموں کے مشترکہ اجلاس کے بعد سیکرٹری جنرل چوہدری منظور احمد اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

قمر زمان کائرہ نے کہا ک قصور واقعہ کا ملزم سیریل قاتل ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ احتجاج پر جن کے خلاف کیسز بنے ان کے ساتھ نرمی برتے۔انہوں نے کہا کہ شریف برادران اپنے آپ کو بادشاہ سلامت سمجھتے ہیں۔

میاں صاحب کو نیب نے بلایا تو یاد آیا کہ نیب زیادتی کر رہا ہے، عدالتیں شریف برادران کی مرضی کا انصاف کریں تو صحیح ورنہ غلط ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف غلط بیانی کررہے ہیں ، لوڈشیڈنگ جاری ہے، کمیشن بنا لیں اگر لوڈشیڈنگ ختم ہو گئی تو میرا نام بدل لیں ورنہ شہباز شریف بدل لیں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ متحدہ اپوزیشن کوئی سیاسی اتحاد نہیں، ہم طاہر القادری کے ساتھ صرف سانحہ ماڈل ٹائون کے لیے ہیں۔

اس موقع پر چوہدری منظور نے کہا کہ باقی بچیوں کے قتل کے وقت کارروائی ہوجاتی تو زینب بچ جاتی۔ پہلی بچی پر وزیراعلی پنجاب نے نوٹس کیوں نہیں لیا ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزم کو پولیس مقابلے میں قتل نہ کیا جائے اور نہ ہی کسی خود کشی کا رنگ دے کر ملزم کو مارا جائے بلکہ جتنی بار ملزم نے بچیوں سے زیادتی اور قتل کیا اتنی ہی بار ملزم کو سزائے موت دی جائے۔

چوہدری منظور نے کہا کہ زینب کیس کے احتجاج میں مرنے والوں کے لواحقین کو معاوضہ 30 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ کیا جائے۔قبل ازیں پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کی زیر صدارت پنجاب اور لاہور کی تنظیموں کے مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری جنرل چوہدری منظور احمد، سینئر نائب صدر اسلم گل، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عثمان سلیم ملک، صدر لاہور عزیز الرحمان چن، لاہور ڈسٹرکٹ 1 کے صدر میاں شاہد عباس، ڈسٹرکٹ 2 کے صدر آصف ناگرہ، ڈسٹرکٹ 3 کے صدر عاطف چوہدری، اور ڈسٹرکٹ 4 کے صدر چوہدری امجد جٹ نے شرکت کی دیگر شرکا میں علما ونگ کے صدر علامہ یوسف اعوان، پی وائی او کے صدر ذوہیب بٹ، سیکرٹری جنرل محسن ملہی، فیصل میر، نسیم صابر نے شرکت کی۔