صحتمند مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے پولیو کا خاتمہ ناگزیر ہے،گورنر بلوچستان

منگل 23 جنوری 2018 22:21

صحتمند مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے پولیو کا خاتمہ ناگزیر ہے،گورنر ..
کوئٹہ ۔23 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ صحتمند مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے عمر بھر کے لئے معذور کرنے والی بیماری پولیو کا خاتمہ ناگزیر ہے کیونکہ اس کے بغیر کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لئے دینی علماء کرام ومشائخ عظام اور بلدیاتی نمائندوں کو اپنے حصہ کا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز روٹری انٹرنیشنل پاکستان پولیو پلس کمیٹی کی جانب سے کوئٹہ کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ انسداد پولیو ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر روٹری انٹرنیشنل پولیو پلس کمیٹی کے چیئرمین عزیز میمن، چیئرمین علماء کمیٹی حاجی محمد حنیف طیب، ڈاکٹر محمد حنیف خلجی سمیت علماء کرام، مشائخ عظام اور بلدیاتی نمائندوں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک موذی بیماری کے ساتھ ساتھ انسانی زندگی کے صحتمند مستقبل کا بھی مسئلہ ہے۔ انسداد پولیو کے حوالے سے آج کی یہ معنی خیز کاوش ایک صحت مند زندگی کو یقینی بنانے میں ضرور مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو جیسی مہلک بیماری کے خاتمے کے لئے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوطرفہ سرحدوں پر آنے جانے والوں کا انسداد پولیو کے تناظر میں خصوی نگرانی کا اہتمام کیا جانا ضروری ہے۔

گورنر بلوچستان نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ انسداد پولیو ٹیموں کو ہرقسم کا تحفظ فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے گذشتہ ہفتہ انسداد پولیو مہم کے دوران گھر گھر جاکر بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے والی ماں اور بیٹی کے بہیمانہ قتل پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ورثاء کو یقین دلایا کہ ہم سب ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

گورنر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جس طرح چیچک اور دیگر مہلک بیماریوں کا خاتمہ ممکن ہوا انشاء اللہ وہ دو دن دور نہیں جب ہم پولیو کے خاتمے میں بھی بہت جلد کامیاب ہوجائیں گے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ عمر بھر کے لئے معذور کرنے والی بیماری پولیو کے خاتمے کے لئے عوام اور خاص کر گنجان آبادی میں صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صحت وصفائی کا خیال رکھنا اشد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ بلوچستان کی آب وہوا پولیو جراثیم کو پلنے نہیں دیتی گویا یہاں کا موسم بھی پولیو جیسی بیماری کے خاتمے میں کافی مدد دیتا ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پولیو کی ٹیموں میں خواتین ہی بلوچستان کو پولیو جیسی بیماری سے نجات حاصل کرنے میں بہتر کردار ادا کرسکتی ہیں۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے گذشتہ ہفتہ شہید ہونے والی ماں اور بیٹی کے ورثاء کو روٹری انٹرنیشنل کی جانب سے عطیہ بھی دیا۔

متعلقہ عنوان :